Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انتظامی مسائل کی وجہ سے مسافروں کے لیے ویکسین لازمی قرار دینا مشکل ہوگا‘

الاسکا ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ ’ایف ڈی اے کی جانب سے ویکسین منظور ہونے کی صورت میں وہ ویکسینیشن لازمی قرار دیں گے‘ (فائل فوٹو: ان سپلیش)
صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملاقات کے بعد امریکہ کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کے سربراہ سکاٹ کربی نے کہا ہے کہ ’ان کو لگتا ہے کہ ملک میں مزید کمپنیاں اور ادارے کورونا وائرس کی ویکسینیشن کو لازمی قرار دے دیں گی۔‘
ملاقات کے بعد سکاٹ کربی نے امریکی نیوز چینل سی این این کو بتایا کہ ’اب سے کچھ ہفتوں میں، یہ ملک بھر میں ہونے لگے گا کیونکہ یہ حفاظت کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔‘
یونائیٹڈ ایئرلائنز ان امریکی کمپنیوں میں سے ہے جو اپنے ملازمین کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین لازمی قرار دے رہی ہیں کیونکہ ملک کے ان علاقوں میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں ویکسین لگانے والے افراد کی تعداد یا ویکسینیشن کی شرح کم ہے۔ ان میں زیادہ تر امریکہ کی قدامت پرست جنوبی ریاستوں کے علاقے ہیں۔
سکاٹ کربی کا کہنا ہے کہ ’30 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں جو بائیڈن نے دیگر شرکا سے ان کے ویکسینیشن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں پوچھا اور انہیں باقی افراد کو اپنی کمپنیوں میں ویکسینیشن لازمی قرار دینے کی ہدایت کرنے کے لیے کہا۔‘
الاسکا ایئرلائنز جس کے تقریباً 20 ہزار ملازمین ہیں نے کہا ہے کہ ’وہ اس بات کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں کہ انہیں اپنے ملازمین کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دینی چاہیے یا نہیں۔‘
ایئرلائنز کے ایک ترجمان نے ای میل پر دیے جانے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اگر الاسکا ایئرلائنز اپنے ملازمین کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دے گی تو وہ اس صورت میں ہوگا جب فوڈ اینڈ ڈرک ایڈمنسٹریشن کم از کم کسی ایک ویکسین کو مکمل طور پر منظور کرلے۔‘

یونائیٹڈ ایئرلائنز نے امریکہ میں تعینات اپنے ملازمین کے لیے گذشتہ ہفتے ویکسینیشن لازمی قرار دی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ یونائیٹڈ ایئرلائنز نے امریکہ میں تعینات اپنے ملازمین کے لیے گذشتہ ہفتے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی تھی۔
سکاٹ کربی کا کہنا تھا کہ ’کچھ ملازمین نے اس اقدام کی مخالفت کی تھی، لیکن زیادہ تر کا ردِعمل مثبت رہا۔‘
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’انتظامی مسائل کی وجہ سے ویکسین کو مسافروں کے لیے لازمی قرار دینا زیادہ مشکل ہوگا۔‘
یونائیٹڈ ایئرلائنز کی حریف کمپنیاں یونی امیرکن ایئرلائنز، ڈیلٹا ایئرلائنز اور ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز ویکسینیشن کے لیے اپنے ملازمین کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں لیکن اسے مسلط نہیں کر رہیں۔
رواں سال موسمِ گرما میں امریکہ کی ہوائی کمپنیوں نے سفر میں اضافہ دیکھا ہے۔ تاہم ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز نے بدھ کو کہا کہ ’کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سفر کی طلب متاثر ہورہی ہے۔‘ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’یہ ڈیلٹا ویریئنٹ کی امریکی معیشت پر اثر کی نشانی ہے۔‘

شیئر: