Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی مسافر طیارے کو کابل ایئرپورٹ سے پرواز کی اجازت مل گئی: ترجمان پی آئی اے

پاکستان کی مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ پی آئی اے کے دو طیارے کابل ایئر پورٹ پر کئی گھنٹوں سے پرواز کی اجازت کے منتظر کھڑے ہیں۔(فائل فوٹو: اے ایف پی)
کابل ایئر پورٹ پر کئی گھنٹوں سے موجود پاکستان ایئر لائنز کے دو مسافر طیاروں میں سے ایک کو پرواز کی اجازت مل گئی ہے۔
اتوار کو پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے کابل میں پرواز کیلئے تیار پی آئی اے کے طیاروں کے انتظار کرنے کا معاملے  کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں طیارے پرواز کیلئے مکمل تیار تھے جب مخصوص فوجی نقل و حمل کے باعث پروازوں کی اجازت روک دی گئی ۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس نقل و حمل کے باعث دیگر کئی ائیرلائنز کے جہاز ہوا میں انتظار کرتے رہے۔ تاہم چند مخصوص طیاروں کی آمد کے بعد پہلے جہاز کو پرواز کی اجازت مل گئی ہے اور پی آئی اے کا پہلا جہاز پرواز کیلئے تیار ہے جو کچھ دیر میں روانہ ہو جائے گا۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ پی آئی اے کے دو طیارے کابل ایئر پورٹ پر کئی گھنٹوں سے پرواز کی اجازت کے منتظر کھڑے ہیں۔ ان طیاروں میں  499 مسافر سوار ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےاتوار ہی کے دن پریس کانفرنس کے دوران کابل ایئر پورٹ پر موجود پی آئی اے کے طیاروں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’اس بارے میں معلومات کرنی پڑیں گی ۔ ایئر پورٹ کو  فنکشنل رکھنا مقصود ہے۔ اگر وہاں ہمارے طیارے موجود ہیں تو ان شاء اللہ وہاں سے وہ خیریت سے پرواز کریں گے اور ان کے مسافر خیریت سے پاکستان لوٹ آئیں گے۔‘

 

شیئر: