Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان امن معاہدے کا خیرمقدم

دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان امن معاہدے کے اعلان کا خیر مقدم اور امریکہ کے کردار کی تعریف کی  ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان سلامتی و استحکام کو اس طرح  مضبوط کرے گا جو دونوں ملکوں کے عوام اور وسیع تر قفقاز خطے کے مفادات کو پورا کرے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں آرمینیا اور آذربائیجان نے جمعے کو تین دہائیوں سے جاری تنازع ختم کرنے کا اعلان اور امن معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ 
وائٹ ہاؤس میں معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران دونوں ملکوں نے سفارتی، تجارتی اور سفری تعلقات بحال کرنے کا بھی اعلان کیا۔
 سوویت یونین کی دو سابق ریاستوں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 1980 کی دہائی سے سرحدی علاقے نگورنو کاراباخ پر قبضے کا تنازع چل رہا تھا۔
یہ علاقہ عالمی سطح پر آذربائیجان کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے مگر اکثریتی آبادی نسلی آرمینیائی ہے۔ دونوں ممالک اس تنازع پر دو جنگیں لڑ چکے ہیں۔

 

شیئر: