Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا کابل آپریشن، ’300 سے زائد افراد آج پاکستان پہنچیں گے‘

پی آئی اے کی دو پروازیں آج کابل پہنچ رہی ہیں (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی دو خصوصی پروازیں آج جمعے کو افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ رہی ہیں جو 350 غیرملکیوں، پاکستانیوں اور افغانوں کو پاکستان لائیں گی جہاں سے وہ آگے جا سکیں گے۔
جمعے کو افغانستان میں پاکستان کے سفیر نے پاکستانی سفارت خانے میں پہنچنے والے لوگوں سے مختصر خطاب کیا۔
افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے اس کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔
ویڈیو میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’ہم آپ سب کو پاکستان کی ایمبیسی میں خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کے لیے پی آئی اے کی دو پروازیں آ رہی ہیں جن میں سے ایک 11 جبکہ دوسری اس کے دو گھنٹے بعد پہنچیں گی، ہم نے انتظامات کر رکھے ہیں، آپ یہاں محفوظ ہیں اور قیام کر سکتے ہیں۔‘
منصور احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب ہمیں ایئرپورٹ کی جانب سے کلیئرینس مل جائے گی تو آپ کو وہاں لے جایا جائے گا، آپ کو محفوظ طور پر جہاز میں سوار کرایا جائے گا اور آپ پاکستان پہنچ جائیں گے، اس کے بعد آپ اپنی اگلی منزل کی طرف جا سکیں گے۔‘
مںصور احمد خان کے مطابق ’پاکستان کا سفارت خانہ اور حکومت ان افرااد کے لیے مدد کا یہ سلسلہ جاری رکھے گی جو پاکستان جانا چاہتے ہیں، پاکستان نے گذشتہ روز سے کابل کے لیے پروازیں بحال کر دی ہیں۔ آج دو خصوصی پروازیں آ رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید بھی آئیں گی۔‘
انہوں نے اس موقع پر موجود لوگوں سے التماس کی کہ وہ گھبرائیں نہیں، ہمارے ساتھ تعاون کریں، ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ آپ کو خیریت سے پاکستان لے جایا جائے۔‘
منصور احمد خان نے ایک فلپائنی شہری ایلن اوتاہی کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ کہہ رہے ہیں۔
’میرے ساتھ فلپائن کے 20 دوسرے افراد بھی موجود ہیں، جو افغانستان کی ایک کمیونیکشین کمپنی سے وابستہ تھے، ہم پاکستان کے بہت مشکور ہیں کہ ہمیں یہ موقع دیا، ہم بہت خوش ہیں اور اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر حکومت پاکستان کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔
قدیر سدھو نامی صارف نے لکھا ’جب لوگ پھنس گئے ہوں اور مایوسی کا شکار ہوں، ایسے میں ان کی مدد کو انسانی رویہ کہتے ہیں۔ شاباش!

نوید وردک نے بھی پاکستان کی ستائش کرتے ہوئے لکھا ’بہت خوب، سفیر کی جانب سے ایک مثبت قدم اٹھایا گیا ہے۔‘
منصور احمد خان نے ایک اور افغان شہری کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ دوسرے تمام سفارت خانے بند ہیں اور صرف یہ کھلا ہے، ہم پاکستان سے خوش ہیں۔
اس موقع پر کچھ لوگوں نے پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے سوالات بھی پوچھے۔

 

pic.twitter.com/YIjdJpe8QM
ایک خاتون کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگر کسی پاکستانی کے پاس پاسپورٹ نہ ہو تو اس کو ایمرجنسی پاسپورٹ ایشو کرتے ہیں.‘
خیال رہے کابل میں طالبان کی آمد پر بننے والی صورت حال کے پیش نظر پی آئی اے نے کابل کے لیے فلائٹ آپریشن پیر کے روز بند کر دیا تھا تاہم جمعرات 19 اگست کو اسے بحال کر دیا گیا تھا۔

شیئر: