Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا کابل کے لیے فلائیٹ آپریشن بحال

پاکستان نے پیر کو سیکیورٹی کی غیرواضح صورتحال کے پیش نظر کابل کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بند کردیا تھا (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے جمعرات کو افغانستان کے دارالحکومت کابل کے لیے دوبارہ اپنا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا ہے اور خصوصی طیارہ افغانستان سے پاکستانی شہریوں کو لے کر واپس پہنچ گیا ہے۔
مزید پڑھیں
جمعرات کو قومی ایئرلائن کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’پی آئی اے نے کابل سے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے اور اس کا ایک خصوصی طیارہ آج صبح پاکستانیوں، دیگر ممالک کے شہریوں بشمول غیرملکی مشنز، خبررساں ادارے اور بین الاقوامی اداروں سے منسلک لوگوں کو واپس لے کر آ رہا ہے۔‘
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی ٹیم گراؤنڈ پر موجود تھی اور ان لوگوں کی معاونت بھی کررہی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پیر کے روز سیکیورٹی کی غیرواضح صورتحال کے پیش نظر کابل کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بند کردیا تھا۔
پیر کو کابل ایئر پورٹ پر افراتفری کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ سکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے پی آئی اے سمیت متعدد ایئر لائنز کا فضائی آپریشن متاثر ہوا۔
کابل ایئرپورٹ پر اس وقت فائرنگ ہوئی جب ہزاروں شہری افغانستان سے باہر جانے والی فلائٹس پکڑنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس افراتفری کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ترجمان پی آئی اے نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ’مسافروں، عملے اور اثاثوں کی حفاظت کے لیے پروازیں غیر معینہ مدت تک ملتوی کی گئی ہیں۔ پی آئی اے نے یہ فیصلہ وزارت خارجہ اور افغان سول ایوی ایشن سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔‘

شیئر: