Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اڑیں جب جب زلفیں تیری‘، انڈین شو کی میزبان کا نیرج چوپڑہ کے لیے رقص

کچھ عرصہ پہلے تک نیرج چوپڑہ بھی لمبے بال رکھا کرتے تھے۔ فائل فوٹو: فیمنا
ٹوکیو اولمپکس میں انڈیا کے لیے جیولن تھرو گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑہ اس وقت حیران رہ گئے جب ان کا انٹرویو شروع ہونے سے چند سیکنڈ پہلے شو کی میزبان نے اپنی ٹیم کے ساتھ سٹوڈیو میں رقص کرنا شروع کردیا۔
ممبئی میں ایف ایم ریڈیو سٹیشن کی میزبان ملشکا میڈونسا اور ان کی ٹیم نے نیرج کا زوم پر انٹرویو کرنا تھا، لیکن اس سے قبل انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ اولمپک ہیرو کو شاباشی دینے کے لیے ’اڑیں جب جب زلفیں تیری‘ گانے پر رقص کیا جائے۔

اپنی ایک ٹویٹ میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ملشکا کا کہنا تھا کہ انہوں نے زوم کال سے چار سیکنڈ پہلے نیرج کے لیے اپنی ٹیم کے ساتھ رقص کیا۔ زلفوں کے ذکر والے گانے کا انتخاب غالباً اس لیے تھا کیوںکہ کچھ عرصہ پہلے تک نیرج بھی لمبے بال رکھا کرتے تھے۔

اپنی ایک اور ٹویٹ میں ملشکا لکھتی ہیں کہ نیرج نے انہیں بتایا کہ ’میں ایک عالمی چیمپئن بننا چاہتا ہوں‘۔

 

جاپان میں ہونے والے حالیہ اولمپکس مقابلوں میں نیرج نے 87.58 میٹر جیولن تھرو کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ چیک ریپبلک کے جیکب واڈلیچ نے 86.67 میٹر کے ساتھ سلور اور چیک رپبلک ہی کے ویتے سلاف ویسلے نے 85.44 میٹر کے ساتھ کانسی کا میڈل اپنے نام کیا۔
عالمی نمبر ایک رہنے والے جرمن کھلاڑی جولین ویبر بھی میڈل کی دوڑ سے باہر ہوئے اور 85.3 میٹر کی تھرو کے بعد ان کی چوتھی پوزیشن رہی۔
ارشد ندیم نے 84.62 میٹر کی تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

شیئر: