Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فیمنسٹ صحیح ہیں‘، کیا خلیل الرحمان قمر نے اعتراف کرلیا؟

14 اگست کو لاہور کے اقبال پارک میں تقریباً 400 لوگوں نے خاتون ٹک ٹاکر سے بدسلوکی کی تھی (فوٹو: اے پی پی)
پاکستانی ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں فیمینزم کے اس بیانیے سے اتفاق کرتے ہیں کہ ’ہمارے یہاں عورت کی عزت و آبرو محفوظ نہیں۔‘
لاہور میں مینار پاکستان پر عائشہ اکرام نامی ٹک ٹاکر کو تقریباً 400 لوگوں کی جانب سے ہراسیت کا نشانہ بنایا گیا تھا جسں کی تحقیقات صوبائی پولیس کررہی ہے اور مقامی میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں درجنوں گرفتاریاں بھی ہوچکی ہیں۔
جمعرات کو پاکستانی ٹی وی چینل بول کے ایک پروگرام میں خلیل الرحمان قمر نے عائشہ کو ہراساں کرنے والے ہجوم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو کچھ نہیں پتہ انہوں نے اپنے ملک کے ساتھ اور اس کی عزت و آبرو کے ساتھ کیا کھلواڑ کردیا ہے۔‘
’لنڈا بازار‘، ’بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ‘، ’پیارے افضل‘ اور ’میرے پاس تم ہو‘ جیسے سپرہٹ ڈراموں کے خالق خلیل الرحمان اپنے شدید فیمینزم مخالف بیانات کے سبب کافی تنازعات کا شکار رہے ہیں۔
لیکن کل کے پروگرام میں وہ خواتین کے حقوق کی آواز اٹھانے والوں کے ہم خیال نظر آئے۔
سوشل میڈیا پر لوگوں کی ایک تعداد یہ بھی کہتی ہوئی نظر آئی کہ ٹک ٹاکر عائشہ 14 اگست کو اکیلے مینار پاکستان پر نہیں جانا چاہیے تھا۔
خلیل الرحمان قمر نے ایسی باتیں کرنے والے لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کچھ بدنصیبوں کے کامنٹس بھی سنے جن میں کہا گیا ہے کہ ’اس کو جانے کی کیا ضرورت تھی‘
ان کے مطابق’بے شرمو، یہ تم فیمینسٹ کے اس بیانیے کو سپورٹ کررہے ہو جس میں وہ ہمیں بتاتے ہیں کہ آپ نے ہماری بچیوں کا جینا حرام دوبھر کردیا ہے، آج مجھے لگا وہ صحیح کہہ رہے ہیں، مجھے مان لینا چاہیے کہ ہمارے ہاں عورت کی حرمت عزت و آبرو محفوظ نہیں ہے۔‘
ان کے اس تازہ بیان کو ٹوئٹر پر بھی صارفین کی طرف سے طنزیہ انداز میں شیئر کیا جا رہا ہے۔
زینب مبشر نامی صارف ویڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’فیمینسٹس صحیح ہیں، خلیل الرحمان قمر نے اعتراف کرلیا۔‘
ایک اور صارف ارسلان خٹک نے کہا کہ ’آخر کار خلیل الرحمان قمر نے مان ہی لیا کہ عوامی مقامات خواتین کے لیے محفوظ نہیں۔‘
سلوا نامی صارف نے کہا کہ ’صورتحال اب اتنی خراب ہوچکی ہے کہ خلیل الرحمان قمر بھی اتفاق کررہے ہیں کہ خواتین محفوظ نہیں۔ اب عورت بیزاروں کا نیا سربراہ کون ہوگا؟‘

پچھلے سال خلیل الرحمان قمر کی ایک پروگرام کے دوران خاتون تجزیہ کار ماروی سرمد سے بدتمیزی کرنے پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل نیو کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا تھا۔
 ٹاک شو میں تجزیہ کار ماروی سرمد اور  ڈرامہ نویس درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔
 

شیئر: