ابوظبی میں ویکسین نہ لگوانے والوں پر نئی پابندیوں کا نفاذ
کئی مقامات میں داخلے کے لیے ویکسین لگوانے کا ثبوت دکھانا ہوگا(فائل فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات ابوظبی میں نئے کووڈ ضوابط متعارف کرائے گئے ہیں ۔ پبلک مقامات پر ویکسین کی پابندی لگائی گئی ہے۔
شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور سیاحوں کو شاپنگ مالز، کیفے اور ریستوران سمیت کئی مقامات میں داخلے کے لیے ویکسین لگوانے یا اس سے استثنی کا ثبوت دکھانا ہوگا۔
عرب نیوز اور امارت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ابوظبی کی ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے امارات سے ابوظبی آنے والے ویکسین یافتہ شہریوں، مقیم افراد اور وزیٹرز کے داخلے سے متعلق طریقہ کار کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وہ افراد جو ویکسین لگوا چکے ہیں یا وہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائل میں شریک ہیں۔ اگر ان کے پاس الحصن ایپ پر گرین پاس یا ایکٹو ای سٹار آئیکون ہے تو وہ ابوظبی میں داخل ہوسکتے ہیں۔
ای سٹار آئیکون والوں کو پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور یہ سات دن کےلیے ہوگا۔ ویکسین لگوانے والے یا کلینیکل ٹرائل کے شرکا کو اگر گرین پاس یا ایکٹو ای یا سٹار آئیکون ہے تو انہیں ابوظبی میں آمد پر مزید ٹیسٹ کرانے اور امارت میں رہنے کے دوران اس کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بیرون ملک سے آنے والوں کو متعلقہ سفری پروٹوکول کی پیروی کرنا ہوگی۔
وہ افراد جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی اور اگر وہ ابوظبی آتے ہیں تو ان کے لیے ٹیسٹنگ کا پہلے والا طریقہ کار ہی لاگو رہے گا۔
اس کے تحت امارت میں داخلے کے 48 گھنٹےکے اندر پی سی آر ٹیسٹ یا 24 گھنٹے کے اندر ڈی پی آئی ٹیسٹ کرانا ہوگا، اگر وہ بعد میں بھی امارت میں رہتے ہیں تو انہیں مزید اضافی ٹیسٹ کرانے ہوں گے۔