Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رکشے میں سوار خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی‘

فیاض الحسن چوہان نے بیان میں مزید کہا کہ قانون سو فیصد اپنا کردار ادا کرے گا (فوٹو: فیاض الحسن ٹوئٹر)
ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 14 اگست کو چنگ چی رشے میں خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے، جبکہ گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے واقعے میں ملوث 66 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سنیچر کو فیاض الحسن چوہان نے ایک بیان میں کہا کہ رکشے میں خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے۔‘
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’اُس شخص کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ میں دفعہ 354- اے (ت پ) کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ جس کی سزا موت یا عمر قید ہے۔‘
فیاض الحسن چوہان نے چنگ چی رکشے میں خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کی چند گھنٹوں یا ایک دو دن میں گرفتاری کی کا دعوٰی کیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’مینار پاکستان واقعے کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تحقیقات کی گئی ہیں۔ جس کے نتیجے میں اُس واقعے میں ملوث 350 افراد کی شناخت کی گئی ہے اور 66 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے بیان میں مزید کہا کہ قانون سو فیصد اپنا کردار ادا کرے گا اور ملزمان کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔
14 اگست کو خواتین کے ساتھ بد سلوکی کے واقعات کے حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے پیپلزرائٹس کے کارکنوں کی جانب سے سنیچرکو مینار پاکستان پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔
احتجاج میں شریک خواتین کارکنان ہراسانی کے ان واقعات میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کا کر رہی ہیں۔
پاکستان میں خواتین کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت خواتین کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔
پاکستان کے مختلف شہروں سے خواتین کو ہراساں کرنے کے متعدد واقعات سامنے آئے۔ لاہور میں کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے میں شریک کارکنان نے کہا کہ آج کسی خاتون کا اکیلے گھرسے نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔
یاد رہے 14اگست کو پیش آنے والے ان واقعات کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی تھی جن میں سے متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
مینار پاکستان واقعے کے بعد 14 اگست کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔

شیئر: