Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کا کاروبار، اصلاح کےلیے مزید 6 ماہ کی مہلت

اصلاح کےلیے نئی مہلت  16 فروری 2022 کو ختم ہوگی(فوٹو الاقتصادیہ) 
سعودی وزارت تجارت نے انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دی گئی مہلت میں چھ ماہ کی توسیع  کی ہے۔
سعودیوں کے نام سے کاروبار کرنے والے غیر ملکیوں کو اصلاح  کےلیے دی گئی نئی مہلت  16 فروری 2022 کو ختم ہوگی۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور الاقتصادیہ کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’مہلت کے دوران انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے  اپنے کاروبار کو قانون کے دائرے میں لاکر مہلت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں‘۔
وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے جو انسداد پردہ پوشی کے لیے قائم ادارے کی نگراں کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں کہا کہ ’متعدد بڑے اور درمیانے درجے کے اداروں نے انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دی گئی مہلت سے فائدہ اٹھایا ہے۔ یہ ایسے ادارے ہیں جن کی سالانہ آمدنی دس ارب ریال سے زیادہ تھی‘۔ 
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے اصلاح کے لیے انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 2 آپشن دیے تھے۔ ایک یہ تھا کہ غیر قانونی تجارتی ادارے کو سعودی اور غیرملکی کے مشترکہ کاروبار کی شکل دی جائے۔
دوسرا آپشن یہ تھاکہ سعودی کے نام سے کاروبار کرنے والا غیرملکی متعلقہ ادارے کا اندراج اپنے نام سے کرائے۔ 
وزیر تجارت نے کہا کہ ’ آئندہ چھ ماہ کے دوران وزارت تجارت انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی  تمام درخواستوں کو اعلانیہ پالیسی کے تحت نمٹا تی رہے گی‘۔

وزارت تجارت نے اصلاح حال کے لیے چھ طریقے بیان کیے تھے( فوٹو ٹوئٹر)

وزارت تجارت کے ماتحت اصلاح حال ادارے نے بتایا کہ ’سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے مختلف اقتصادی سرگرمیاں ریکارڈ پر آئی ہیں‘۔
’اصلاح حال کی درخواست دینے والوں میں تھوک، ریٹیل، ٹھیکے داری، قیام و طعام، امدادی صنعتوں، ٹرانسپورٹ، سامان ذخیرہ کرنے اور دیگر اقتصادی سرگرمیوں سے منسلک افراد کا تعلق ہے‘۔
 ادارے کا کہنا ہے کہ’ اصلاح حال کے لیے چھ طریقے بیان کیے  تھے- آئندہ بھی یہ آپشن غیرملکیوں کے لیے کھلے رہیں گے۔
ان  آپشنز میں سعودی اور غیرملکی مشترکہ ادارہ قائم کرلیں۔ غیرملکی اپنے نام سے کاروبار کا اندراج کرالیں۔
سعودی اقتصادی سرگرمی جاری رکھتے ہوئے کسی اور کو اپنا شریک کاروبار کرلیں۔ سعودی ادارے کا تصفیہ کرے۔غیرملکی منفرد اقامہ حاصل کرکے کاروبار کرے یا غیرملکی سعودی عرب سے رخصت ہوجائے۔
سعودی وزارت تجارت نے تنبیہ کی کہ سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کو قانون کے دائرے میں لانے کی آخری تاریخ 16 فروری 2022 ہے۔
اس سے قبل قانونی کارروائی کرنا ہوگی- جو لوگ کاروبار کو قانون کے دائرے میں لے آئیں گے انہیں سزاؤں سے استثنی ملے گا۔ ان سے انکم ٹیکس موثر بماضی نہیں لیا جائے گا۔ 
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ اصلاح حال کے حوالے سے تفصیلات mc.gov.sa سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

شیئر: