Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان میں کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ ہولڈرز کو یکم ستمبر سے داخلے کی اجازت

سلطنت عمان  آمد کے لیے ممنوعہ ممالک کی فہرست ختم کردی گئی۔ ( فائل فوٹو ٹوئٹر)
سلطنت عمان میں محکمہ شہری ہوابازی نے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ ہولڈرز پر سے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ 
یکم ستمبر 2021 سے ہر وہ مسافر جس کے پاس کووڈ ویکسین سرٹیفکیٹ ہوگا وہ سلطنت عمان آسکے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے سلطنت عمان  آمد کے لیے ممنوعہ ممالک کی فہرست ختم کردی گئی ہے۔ 
بیان میں کہا گیا کہ عمان آنے والے ہر مسافر کو (کیو آر کوڈ) پر مشتمل کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جس میں تحریر ہو کہ مسافر عمان میں منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکا ہے یا ایسی ویکسین کی ایک خوراک لے چکا ہے جس کی صرف ایک خوراک ہی سلطنت عمان میں مقرر ہے۔
سرٹیفکیٹ میں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ آخری خوراک پر 14 دن گزر چکے ہیں۔ 
سلطنت عمان کا کہنا ہے ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے والے مسافر ہوٹل قرنطینہ سے مستثنی ہوں گے۔انہیں پی سی آر سرٹیفکیٹ کیو آر کوڈ کے ساتھ  دکھانا ہوگا۔
یہ پابندی بھی ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ اور سلطنت عمان پہنچنے کے مقررہ وقت کے درمیان 96 گھنٹے سے زیادہ کا وقت نہ گزرا ہو۔ 
یہ ایسی پروازوں کے لیے ہے جن کا مجموعی دورانیہ  8 گھنٹے کا ہو۔
سرٹیفکیٹ میں یہ وضاحت بھی لازمی ہے کہ ٹیسٹ کے اجرا اور پرواز کے مقررہ وقت کے درمیان فرق 72 گھنٹے سے زیادہ کا نہ ہو۔ یہ پابندی ان پروازوں کے لیے ہے جن کا دورانیہ 8 گھنٹے سے کم ہو۔ 


مسافروں کوپی سی آر سرٹیفکیٹ کیو آر کوڈ کے ساتھ  دکھانا ہوگا( فوٹو عرب نیوز)

 پی سی آر سرٹیفکیٹ کے بغیر عمان آنے والوں کا ایئرپورٹ پہنچنے پر پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔ انہیں ہوٹل قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ ٹیسٹ رپورٹ آنے تک انہیں الیکٹرانک کڑا پہننا ہوگا۔
ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مسافر کو دس روز تک ٹیسٹ کے وقت سے لازمی ہوٹل قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
اس سے وہ مسافر مستثنی ہوں گے جو پہلے وائرس کا شکار ہوکر اس سے صحت یاب ہوگئے ہوں اور ان کے پاس اس کا ثبوت ہو اور وہ عمان آنے سے قبل اس ملک میں جہاں وہ وائرس سے متاثر ہوئے  ہوں ہیلتھ آئسولیشن کا دورانیہ مکمل کرچکے ہوں۔ 
بیان میں کہا گیا کہ عمان آنے والے تمام مسافروں کو طیارے میں سوار ہونے سے قبل (ترصد +) پلیٹ فارم پر اندراج کرانا ہوگا۔ یہ پابندی سفارتکاروں پر بھی عائد ہوگی۔
اگر مسافر نے عمان پہنچنے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرایا ہو تو اسے ویکسین سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔
پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ بھی ریکارڈ پر لانا ہوگا۔ یہ بھی ضروری ہوگا کہ (ترصد +) پلیٹ فارم پر کیو آر کوڈ کا بھی اندراج ہو۔

شیئر: