Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگسٹن ٹیسٹ: 329 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو ایک وکٹ کا نقصان

کریگ براتھویٹ 17 اور الزاری جوزف آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
کنگسٹن ٹیسٹ کے چوتھے روز 329 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ پر 49 رنز بنائے ہیں۔
کریگ براتھویٹ 17 اور الزاری جوزف آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 34 رنز کی پارٹنر شپ کے بعد اوپنر کیرن پاؤل 23 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
قبل ازیں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلیر کر دی۔
گرین شرٹس کی جانب سے عمران بٹ 37 اور کپتان بابر اعظم 33 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف اور جیسن ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز پر اننگز ڈکلیر کر دی تھی۔
فواد 124 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار رؤچ اور جیڈن سیلز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے پوری ٹیم 150 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
شاہین شاہ آفریدی نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔

شیئر: