Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں پاکستانی نائٹ آج، پردیس میں دیس کے رنگ

پروگرام جمعے کی شام 5 سے رات 12 بجے تک جاری رہے گا(فوٹو ایس پی اے)
سعودی نیشنل ایونٹ سینٹر کے تحت سعودی ٹورزم اتھارٹی اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے جمعہ 27 اگست کو پاکستانی نائٹ کا اہتمام کیا ہے۔ پردیس میں دیس کے رنگ دیکھے جا سکیں گے۔
پاکستانی نائٹ میں جدہ کے علاوہ مکہ اور طائف سے بھی پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ الفروسیہ کلب طریق عسفان جدہ میں پروگرام جمعے کی شام 5 بجے سے رات 12 بجے تک جاری رہے گا۔
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی مشیر نوشین احمد نے اردونیوز کو بتایا کہ ’پاکستانی نائٹ کے لیے کمیونٹی میں بہت جوش وخروش ہے اور ایونٹ سے پانچ دن پہلے ہی تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا ’ساڑھے تین ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔ کراوڈ منیجمنٹ، سیکیورٹی اور خاص مہمانوں سمیت ایونٹ میں پانچ ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے اور یہ جدہ کے بڑے کمیونٹی ایونٹس میں سے ایک ہوگا‘۔
نوشین احمد کے مطابق’ یہ صرف میوزیکل نہیں بلکہ کلچرل پروگرام ہے۔ اس میں پاکستان کی ثقافت کے تمام رنگ موجود ہوں گے۔ ہر صوبے کے لوک گیت اور رقص، پتلی تماشا، پاکستانی فوڈ، ثقافتی اسٹالز، میوزک بینڈ، بچوں کے لیے پلے ایریا، لکی ڈرا، پاکستانی آرٹسٹوں کی آرٹ گیلری سمیت بہت کچھ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ پاکستان قونصلیٹ جدہ بھی اس ایونٹ کو سپورٹ کر رہا ہے‘۔
سعودی ٹورزم اورانٹرٹینمنٹ اتھارٹی سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ عالمی معیارکا وینیو، اسٹیج، ساونڈ سسٹم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
نوشین احمد کا کہنا ہے کہ ’سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی آئندہ بھی مملکت میں مقیم تارکین کے لے ایونٹس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ سعودی حکومت نے کورونا وبا کے دوران بھی تارکین کا خیال رکھا ہے اور اب مقیم غیر ملکیوں کی تفریح کے لیے بھی کام کررہی ہے‘۔

گنجائش کے مطابق تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں(فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے درخواست کی کہ وہ اوریجنل ٹکٹ اپنے ہمراہ لائیں۔ داخلی گیٹ پر ٹکٹ کے بارکوڈ سکین کیے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ’ گنجائش کے مطابق تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ لہذا کوئی اتنی دور اس امید پر نہ آئے کہ وینیو پر ٹکٹ مل جائیں گے۔ کورونا ایس او پیز کی پابندی کے باعث حکومت کی طرف سے فراہم کردہ جگہ محدود ہے۔ چاہیں بھی تو مزید لوگوں کو نہیں بلا سکتے‘۔
علاوہ ازیں قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد مجید نے پاکستان نائٹ کے حوالے سے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ ’سعودی حکومت نے پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایونٹ کا انعقاد کیا ہے جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ یہ لازوال پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کی زندہ مثال ہے‘۔.
واضح رہے کہ سعودی نیشنل ایونٹ سینٹر کے تحت سعودی ٹورزم اتھارٹی اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی جدہ میں فلپائنی نائٹ کا کامیابی سے انعقاد کرچکی ہے۔ پاکستانی نائٹ کے بعد تین ستمبر کو انڈین نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

شیئر: