Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک ویکسین لگوانے والے پاکستانی نادرا سے سرٹیفکیٹ لیں: این سی او سی

پاکستانی شہری جنہوں نے کرونا وائرس کی ویکیسین ملک سے باہر لگوائی ہے وہ خود کو نادرا میں رجسٹرد کروا کر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
جمعرات کو پاکستان میں کورونا وائرس کے معاملات دیکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپرینشن سینٹر (این سی او سی) نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’آج سے بیرون ملک ویکسین لگوانے والے پاکستانی شہری اپنی تفصیلات نادرا کی ویب سائٹ nims.nadra.gov.pk  پر رجسٹرد کروا کر کرونا ویکسینشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔‘
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’این سی او سی نے نادرا کے اشتراک سے ایک ایپ بنائی ہے جس کے ذریعے آپ اپنی ایپ میں اپنے موبائل فون میں ویکسین کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ رکھ سکتے ہیں تاکہ آپ آسانی سے پھر سکیں۔
یہ ایپ تیار ہیں آپ اس کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور اس میں اپنے قواعد ڈال کر اپنا ویکسین سرٹیفکیٹ تیار کر سکتے ہیں۔
اپنی ایک اور ٹویٹ میں این سی او سی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے مکمل ویکسی نیشن ضروری ہے۔
’اپنی ویکسین کی دوسری ڈوز پہلی ڈوز کے 28 دن بعد لگوائیں۔
این سی او سی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’آپ کو دوسری ڈوز لگوانے کے لیے موبائل فون پر پیغام آنے کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ 28 دن بعد آپ خود ہی کسی بھی قریبی ویکسی نیشن سینٹر جا کر اپنی دوسری ڈوز لگوا سکتے ہیں۔‘
پاکستان بھر میں یہ مہلک وائرس اب تک 25 ہزار سے زائد انسانی جانیں نگل چکا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 85 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے اور نئے کیسز کی تعداد 4553 رہی۔

شیئر: