Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان سے تمام پاکستانیوں کا انخلا ہو چکا، چند افراد واپس نہیں آنا چاہتے: شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ ’ابھی تک افغانستان سے آنے والے کسی ایک بھی فرد کو بھی مہاجر کا درجہ نہیں دیا گیا۔‘(فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’افغانستان سے تمام پاکستانیوں کا انخلا ہو چکا ہے۔ 35 سے 40 افراد واپس نہیں آنا چاہتے، انہوں نے وہاں شادی کر لی ہے یا کسی اور وجہ سے وہیں رہنا چاہتے ہیں۔‘
شیخ رشید نے پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’طالبان نے یقین دلایا ہے کہ ٹی ٹی پی کو وہ افغانستان سے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرنے دیں گے۔‘
افغانستان سے اسلام آباد آنے والی غیر ملکی پروازوں کے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ’ایف آئی اے کے ریکارڈ کے مطابق 1627 افراد اسلام آباد آئے ہیں جبکہ طورخم  سے 2192 افراد گزرے ہیں۔‘
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ’جن چھ یا سات سو افراد نے ویزے نہیں لیے، وہ ایئرپورٹس پر ہیں، انہیں وہاں سے ان کی سپانسر کمپنیاں اٹھا کر لے جا رہی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نور خان ایئربیس پر 100 سوا سو افراد آئے ہیں۔ ہمیں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ابھی تک افغانستان سے آنے والے کسی ایک بھی فرد کو مہاجر کا درجہ نہیں دیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’برطانیہ کو ہمیں ریڈ لسٹ سے نکالنا چاہیے۔ ابھی تک پی آئی اے کے جہاز وہاں نہیں جا سکتے۔ میں کل کابینہ کے اجلاس میں اس پر بات کروں گا۔‘
اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن کا سودا ختم ہو گیا ہے، انہیں اب الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے۔‘
’اپوزیشن سے میں کہنا چاہتا ہوں کہ ان دو سالوں میں نیب کیسز کا فیصلہ بھی ہو جائے گا۔‘
 

شیئر: