Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈبلیو ایچ او کا امدادی مشن، پی آئی اے کا طیارہ افغانستان پہنچ گیا

خصوصی فلائٹ میں ضروری ادویات افغانستان پہنچائی گئی ہیں (فوٹو: پی آئی اے)
پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا طیارہ عالمی ادارہ صحت کی ادویات اور امدادی سامان لے کر افغانستان کے شہر مزار شریف پہنچا ہے۔
پیر کو امدادی سامان لے کر افغانستان پہنچنے والا پی آئی اے کا طیارہ حالیہ عرصے میں اپنی نوعیت کا پہلا عالمی امدادی مشن ہے جو امریکہ اور اتحادی افواج کے انخلا اور طالبان کے ملک پر کنٹرول کے بعد افغانستان پہنچا ہے۔
پی آئی اے کے مطابق مزار شریف پہنچنے والی کارگو فلائٹ میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے بھیجا گیا امدادی سامان اور دوائیں افغانستان پہنچائی گئی ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ’یہ انسانی امداد کی عالمی کوششوں کی معاونت کی روایت‘ کا حصہ ہے۔
افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے پی آئی اے کی خصوصی فلائٹ کو ’انسانی امداد کے لیے قائم ایئر برج‘ سے تعبیر کیا اور قومی ایئر لائن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے افغانستان بھیجے جانے والے سامان کی تصویر ٹویٹ کی اور بتایا کہ ’پی آئی اے کا خصوصی بوئنگ 777 کارگو طیارہ عالمی ادارہ صحت کا سامان لے کر مزار شریف پہنچا ہے‘۔
ان کے مطابق ’افغان بھائیوں کی مدد کے لیے یہ افغانستان پہنچنے والی پہلی امدادی فلائٹ ہے۔‘

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی اس آپریشن میں اہم کردار ادا کیا۔ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کا امن، صحت و سلامتی میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔
امریکہ اور اتحادیوں کے افغانستان سے انخلا کے عمل میں بھی پاکستان نے معاونت کی ہے۔ گزشتہ روز امریکی طیارہ افغانستان سے واپس جانے والے فوجیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچا تھا۔

شیئر: