Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مساجد میں اجازت نامے کے بغیر کوئی دعوتی پروگرام نہیں ہوگا‘

لائبریریوں میں موجود کتابوں کی فہرستیں تیار کی جائیں- (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ’ مساجد میں وزارت کے اجازت نامے کے بغیر کوئی دعوتی پروگرام نہیں ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کیا جائے گا‘۔
اخبار 24 کے مطابق آل الشیخ نے یہ ہدایت مساجد کے ائمہ، خطیبوں، موذنوں، سرکاری مبلغین اور رضاکارانہ دعوتی کام کرنے والوں کے لیے ہدایات اور پابندیوں کے ضمن میں دی ہے۔
سعودی وزیر اسلامی امور نے یہ بھی کہا کہ ’ مساجد کی لائبریریوں کو صاف ستھرے افکار و نظریات کی نمائندہ کتابوں کا مرکز بنایا جائے گا۔ لائبریریوں سے دانشور، سکالرز اور دینی شعور و فہم حاصل کرنے والے فائدہ اٹھائیں گے۔ لائبریریوں میں مفید کتابیں رکھی جائیں گی اور انتہا پسندی اور گروہ بندی والی کتابیں لائبریریوں سے ہٹا دی جائیں گی‘۔ 
آل الشیخ نے ہدایت جاری کی کہ’ مملکت کے تمام علاقوں میں وزارت کی شاخیں اپنی لائبریریوں میں موجود کتابوں کی فہرستیں تیار کریں۔ کسی بھی لائبریری میں کوئی بھی کتاب وزارت کے متعلقہ ادارے سے اجازت لیے بغیر نہ رکھیں۔ مساجد کی لائبریریوں سے ایسی تمام کتابیں ہٹا دی جائیں جنہیں رکھنے کی اجازت نہیں لی گئی ہے‘۔
آل الشیخ نے جامع مساجد کے خطیبوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ جمعے کے خطبات صحیح عقائد، اسلامی احکام کے موضوعات پر دیں۔ حب الوطنی کی ترغیب دیں۔ حکام کی تابعداری کی ہدایت کریں۔ ایک ہدایت یہ بھی دی گئی ہے کہ ایسی مساجد جہاں جنازوں کی نمازیں پڑھی جاتی ہیں وہاں فرض نمازوں کے بعد دعوت پروگرام ہوں۔ اذان اور اقامت کے درمیان مقررہ وقت سے زیادہ تاخیر نہ کریں۔ 
وزیر اسلامی امور نے یہ بھی کہا کہ مساجد کے تمام اہلکار فکری سلامتی کے کورسز میں حصہ لیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: