Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرولرز خود بھی ’سٹار کڈز‘ کی ہی تصویریں دیکھنا چاہتے ہیں: فرح خان

فرح خان کا کہنا ہے کہ ’لوگ کسی عام شخص کی تصویریں دیکھنا نہیں چاہتے‘ (فوٹو: دا انڈین ایکسپریس)
بالی وڈ کی مشہور کریوگرافر اور ہدایتکارہ فرح خان نے فلم انڈسٹری پر اقرباپروری کا الزام عائد کرنے والوں کو ’منافق‘ قرار دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک طرف تو اقربا پروری کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف خود ہی سہانا خان اور تیمور علی خان جیسے ’سٹار کڈز‘ کی تصویریں دیکھنے میں دلچسپی بھی رکھتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکار ارباز خان کے ایک شو میں فرح خان نے کہا کہ ان کے بیٹے نے انہیں یہ کہہ رکھا ہے کہ ان کی تصویر سوشل میڈیا پر لگانے سے پہلے ان کی اجازت ضرور لیں۔ 
’تیمور اور دوسرے بچوں کی اگر بات کریں تو یہ لوگ وہی ہیں جو ان میں دلچسپی لیتے ہیں۔ وہ اقرباپروری کی بات کرتے ہیں لیکن آپ سب شاہ رخ خان کی بیٹی اور کرینہ کپور کے بیٹے کی تصاویر بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ کسی عام شخص کی تصویر دیکھنا نہیں چاہتے اس لیے ٹرولرز کی اس منافقت کو میں سنجیدگی سے نہیں لیتی کیونکہ یہ منافق ہیں۔‘
سہانا خان کے انسٹاگرام پر دو ملین سے زائد فالوؤرز ہیں اور شاہ رخ خان کی بیٹی ہونے کی وجہ سے ان کی تصاویر اور ان کے متعلق خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔

شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کے انسٹاگرام پر دو ملین سے زائد فالوورز ہیں (فائل فوٹو: سہانا خان انسٹاگرام)

کرینہ کپور اور سیف علی خان نے اپنے دوسرے بیٹے جہانگیر علی خان کی پیدائش پر ان کا چہرہ کیمروں سے چھپائے رکھا تاکہ عوام کی نظروں میں نہ آ سکیں کیونکہ اس سے پہلے ان کے پہلے بیٹے تیمور میڈیا کی سرخیوں میں رہے ہیں۔

شیئر: