Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلحے کی سمگلنگ اور دہشت گرد گروہ سے تعلق پر سعودی شہری کو سزائے موت

عدالت نے الزامات ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنائی تھی(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں اسلحے کی سمگلنگ اور دہشت گرد گروہ میں شمولیت کا الزام ثابت ہوجانے پر سعودی شہری کو پیر کو دمام میں موت کی سزا دی گئی ہے۔  
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ’ سعودی شہری عدنان بن مصطفی الشرفا سعودی عرب سے اسلحے کی سمگلنگ اور باہر سے اندرون ملک ہتھیار لانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھا‘ ۔
بیان کے مطابق ’مملکت میں بدامنی پھیلانے اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد گروہ میں شامل تھا‘۔ 
عدنان بن مصطفی الشرفا نے سیکیورٹی فورس کے ہیڈکوارٹرز پر حملوں میں بھی حصہ لیا۔ ملک میں انارکی پھیلانے والے کام بھی کیے اور ہنگامہ آرائی میں بھی حصہ لیتا رہا۔ 
بیان میں وزارت داخلہ نے بتایا کہ ’سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے تلاش کرکے گرفتار کیا اور سپیشلسٹ فوجداری عدالت میں مقدمہ پیش کیا تھا‘۔
عدالت نے الزامات ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنائی تھی۔ اس پر گھناؤنی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور متعدد جرائم کے الزامات ثابت ہوگئے تھے۔
ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے فوجداری عدالت کے فیصلے کی توثیق کردی تھی۔ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کردیا تھا۔

شیئر: