Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی امارات اور مصر کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کا خواہاں

ترکی کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’مشترکہ فیصلہ ہو گیا تو سفیر تعینات کرنے کے لیے اقدامات کریں گے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
ترکی مصر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کر سکے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ میولت چووشولو نے کہا ہے کہ ان کا ملک تعلقات بہتر کرنے کے لیے ’مثبت اقدامات‘ کر رہا ہے۔ انقرہ میں ترکی اور مصری حکام کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور چل رہا ہے۔
این ٹی وی کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’وزارت میں ہمارے دوست ملاقات کر رہے ہیں، اگر میٹنگ کے بعد ہم نے مشترکہ فیصلہ کر لیا تو ہم ایک سفیر تعینات کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔‘
مصر اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات اس وقت سے ختم ہیں جب 2013 میں مصر میں فوجی جنرل عبدالفتاح السیسی نے منتخب صدر محمد مرسی کے اقتدار کا خاتمہ کیا تھا۔
ترکی کے مصر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ کئی معاملات پر اختلاف ہے جن میں سے تازہ ترین تنازع لیبیا کا ہے۔
چووشولو کا کہنا ہے کہ ’بین الاقوامی تعلقات میں دیر پا دوستی یا دشمنی نہیں ہوتی۔‘
وزیر نے مصر کے ساتھ مشرقی بحیرہ روم میں میری ٹائم معاہدے کا امکان ظاہر کیا ہے جو 2019 کے اواخر میں  ٹریپولی حکومت کے ساتھ طے پائے جانے والے معاہدے کی طرح ہوگا۔

شیئر: