Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب جھانوی کپور کو گاڑی کی ڈگی میں چھپنا پڑا

جھانوی کپور نے بتایا کہ ’میری گاڑی میں ہمیشہ ایک کمبل ہوتا ہے۔ ‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
’دھڑک‘ فلم سے فلم نگری میں قدم رکھنے والی اداکارہ جھانوی کپور نے ایک شو میں بتایا ہے کہ کئی بار انہیں کیمرے کی آنکھ سے بچنے کے لیے گاڑی کی ڈگی میں چھپنا پڑا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ٹی وی شو ’سٹار ورسز فوڈ‘ کی پہلی قسط میں جھانوی کپور نے اپنی زندگی کے حوالے سے دلچسپ واقعات شیئر کیے۔
شو میں سلیبریٹی کو ماسٹر شیف کی نگرانی میں ریستوران کے معیار کا کھانا بنانا ہوتا ہے، جھانوی نے اپنے دوستوں کے لیے کورین ڈشز تیار کیں۔
کھانے کے اختتام پر ان کی ٹرینر نمرتا پروہت نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ کچھ واقعات لوگوں کو سنا سکتی ہیں جس پر جھانوی نے انہیں اجازت دے دی۔ نمرتا نے بتایا کہ جھانوی ایک بار جم سے باہر نکل رہی تھیں لیکن وہ نہیں چاہتی تھیں کہ فوٹوگرافر ان کے تصاویر لیں۔ جس کی وجہ جھانوی نے یہ بتائی کہ انہیں اس دن جم میں نہیں بلکہ گھر پر ہونا چاہیے تھا۔‘
نمرتا نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’انہوں (جھانوی) نے مجھ سے کہا کہ نمو تمہیں میری مدد کرنا ہوگی، وہ میری تصویر نہ کھینچیں، وہ مجھے نہ دیکھیں۔‘
’پھر ہم نے انہیں دوسرے رستے سے گاڑی میں بھیجا اور مجھے برا بھی محسوس ہو رہا تھا کیونکہ وہ فوٹوگرافرز اچھے لوگ تھے لیکن اس وقت صورتحال ہی ایسی تھی۔‘

جھانوی نے بتایا کہ انہیں ان فوٹوگرافرز کے لیے برا محسوس ہو رہا تھا۔ (فوٹو: انسٹاگرام)

نمرتا نے بتایا کہ ’وہ میری گاڑی میں چھلانگ لگا کر بیٹھیں اور ہم باہر نکلے اور پھر انہوں (فوٹوگرافرز) نے ہمارا پیچھا کیا۔ مجھے ایسا لگا جیسے میں ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ میں ہوں۔‘
جھانوی نے اس واقعے کے بارے میں بتایا کہ انہیں ان فوٹوگرافرز کے لیے برا محسوس ہو رہا تھا کیونکہ یہ ان کا کام ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’وہ واقعی موٹرسائیکل پر سوار ہو کر ہمارا پیچھا کر رہے تھے اور پھر ہمیں ایک جگہ رکنا پڑا۔ آپ کو معلوم ہے کہ مجھے کتنی بار اپنی گاڑی کی ڈگی میں چھپنا پڑا۔ بہت بار اور میری گاڑی میں ہمیشہ ایک کمبل ہوتا ہے اگر میں کسی ایسی جگہ ہوں جہاں مجھے نہیں ہونا چاہیے یا ایسے شخص کے ساتھ ہوں جس کے ساتھ مجھے نہیں ہونا چاہیے۔‘
جھانوی نے کھانوں کے لیے اپنے خاندان کے شوق کے بارے میں بتایا کہ ’ہمارے گھر میں اگر آپ مصالحوں والے کھانے نہیں کھا سکتے تو آپ کو شرمندگی ہوگی اور آپ کو الگ میز پر بیٹھ کر کھانا ہوگا۔ یہ سچ نہیں ہے لیکن آپ کو سب اتنی اہمیت نہیں دیں گے۔‘

شیئر: