Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بریکٹ ہوئے: فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم ٹوٹنے کا ذمہ دار بلاول بھٹو زرداری کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو پیشکش بلاول کو ہوئی وہ ہمیں بھی ہوئی لیکن ہم نے قبول نہیں کی۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلاول حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بریکٹ ہوئے، جو پیشکش بلاول کو ہوئی وہ ہمیں بھی ہوئی لیکن ہم نے قبول نہیں کی۔
ہماری صفوں میں میرجعفر اور میر صادق ہونےکی وجہ سے پی ڈی ایم کو نقصان پہنچا۔‘
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ استعفعوں کا آپشن پی ڈی ایم کے اعلامیے میں موجود تھا۔ ’پیپلزپارٹی ہماری بات مانتی تو آج یہ حکومت ختم ہوچکی ہوتی اور آج الیکشن بھی ہو چکے ہوتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہت کچھ جانتے ہیں، بہت کچھ نوٹس میں ہے مگر ہم کوئی محاذ نہیں کھولنا چاہتے، اگر ہم محاذ کھولنے پر آگئے تو ایک سوئی بھی نہیں رہے گی۔
جیو نیوز پر شاہزیب خانزادہ کے پروگرام میں مولانا کے الزام کا جواب دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ مولانا کے ساتھ بہت دفعہ اسٹیبلشمنٹ کی باتیں ہوتی رہی ہیں۔ ’ماضی میں کس کی کس کس کے ساتھ باتیں ہوتی رہی میں اس کی بات نہیں کرنا چاہتا۔ ‘
کائرہ کا کہنا تھا کہ ’ہمارے خلاف الزام یہ ہے کہ ہم کیوں نکلے ہیں بلوچستان میں، ہم کیوں نکلے ہیں سندھ میں یا جنوبی پنجاب میں۔ کیا پیپلز پارٹی کو استحقاق نہیں سیاست کا؟ کیا ہم گھر بیٹھ جائیں؟‘
قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے حوالے سے کہا تھا کہ ’دوغلی پالیسی نہیں چلے گی یا اپوزیشن کریں یا اعلان کریں کہ آپ حکومت کے سہولت کار ہیں۔‘

مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم ٹوٹنے کا ذمہ دار بلاول بھٹو زرداری کو قرار دیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

جمعرات کو رحیم یار خان میں کارکنوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ ’ان کی جماعت مستقبل میں نہ صرف وفاق بلکہ صوبوں میں بھی حکومت بنائے گی۔‘
’پیپلز پارٹی کے جیالے ساتھ مل کر پورے ملک میں محنت کریں تو وفاق کی زنجیر پیپلز پارٹی پورے ملک میں راج  کرے گی اور عوامی حکومت لے کر آئی گی۔‘

شیئر: