Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترسیلات زر میں پانچ کروڑ ڈالر کی کمی، سعودی عرب پھر سرفہرست

اس سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.4 فیصد بڑھیں (فوٹو: اے ایف پی)
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا ہے کہ اگست کے ماہ میں دنیا بھر میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے ملک میں دو ارب 66 کروڑ روپے بھیجے ہیں جو کہ گذشتہ ماہ کے مقابلے میں پانچ کروڑ ڈالر کم ہیں۔
یاد رہے کہ جولائی 2021 میں پاکستانی تارکین وطن نے جولائی میں دو ارب 71 کروڑ ڈالر اپنے وطن بھیجے ہیں۔ تاہم سٹیٹ بینک کے مطابق نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر اگست میں 26.8 فیصد (سال بسال) بڑھ گئیں جو اس مہینے کے لیے پوری دہائی کی بلند ترین شرح نمو ہے۔
یہ مسلسل چھٹا مہینہ ہے کہ آنے والی رقوم اوسطاً 2.7 ارب ڈالر کے لگ بھگ رہی ہیں اور مسلسل پندرہواں مہینہ ہے کہ دو ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں۔
ماہ بہ ماہ بنیاد پر آنے والی رقوم جولائی سے معمولی سی کم تھیں جس سے عید کے بعد کی معمول کی سست روی کی عکاسی ہوتی ہے۔ تاہم یہ موسمی کمی اس سال تاریخی رجحانات کے مقابلے میں کہیں کم تھی۔ مجموعی طور پر 5.36 ارب ڈالر کی ترسیلات زر اس سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.4 فیصد بڑھیں۔
اگست 2021 کے دوران آنے والی ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب (694 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (512 ملین ڈالر)، برطانیہ (353 ملین ڈالر) اور امریکہ (279 ملین ڈالر) سے آئیں۔
گذشتہ سال سے ترسیلات زر کی آمد میں مسلسل بہتری کے اسباب میں باضا بطہ طریقوں کے استعمال کی ترغیب دینے کے لیے حکومت اور سٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کورونا وبا کی بنا پر سرحد پار سفر میں کمی، وبا کے دوران پاکستان کو  بھیجی جانے والی فلاحی رقوم اور زرمبادلہ  مارکیٹ کے منظم حالات شامل تھے۔

شیئر: