Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان پر علاقائی ممالک کے انٹیلیجنس چیفس کا اسلام آباد میں اجلاس

اجلاس میں چین، ایران، روس، قازقستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے انٹیلیجنس چیفس نے شرکت کی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
افغانستان کی موجودہ صورتحال پر علاقی ملکوں کے انٹیلیجنس اداروں کے سربراہوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے اجلاس کی تصدیق کی۔
انٹیلیجنس چیفس کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے انٹرسروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی)  کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے کی۔
اجلاس میں چین، ایران، روس، قازقستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے انٹیلیجنس چیفس نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے 9 ستمبر کو امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم جوزف برنز نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان خطے میں امن اور افغان شہریوں  کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

شیئر: