Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی جیل سے فرار ہونے والے چھ میں سے چار فلسطینی قیدی دوبارہ گرفتار

گلبوا جیل شمالی اسرائیل میں بیت شیان کے علاقے میں واقع ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے سخت سکیورٹی والی جیل سے فرار ہونے والے چھ فلسطینیوں میں سے چار کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق قیدیوں کے فرار کے بعد اسرائیل کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور جیل سے بھاگنے والے قیدی فلسطینیوں کے ہیرو بن گئے۔
جمعے کو غزہ میں فلسطینی شدت پسندوں نے اسرائیل کی طرف راکٹ داغا جس کے بعد اسرائیل نے فضائی حملہ کیا۔
فرار ہونے والے چار قیدیوں کو شمالی اسرائیل سے گرفتار کیا گیا۔ سنیچر کی صبح اسرائیلی پولیس نے کہا کہ ذکریا زبیدی سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی نیوز ویب سائٹ ’ہاریٹز‘ نے محمکہ دفاع کے اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذکریا زبیدی اور ان کے ساتھی محمد اراد چھپے ہوئے تھے، لیکن انہیں کوئی مدد نہیں مل رہی تھی اور نہ انہیں معلوم تھا کہ کدھر جانا ہے۔ذکریا زبیدی 2000 میں شدت پسند کمانڈر رہے تھے۔
اس کے بعد دو اور قیدیوں کو پکڑا گیا جن میں سے ایک یعقوب کداری تھے جو بم بنانے اور قتل کے الزام میں جیل کاٹ رہے تھے۔
چھ فلسطینی پیر کو گلبوا جیل سے سرنگ کے ذریعے فرار ہوئے تھے اور ان کی تلاش جاری تھی۔
فلسطینیوں نے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں مظاہروں کے ساتھ ساتھ چھ فلسطینی قیدیوں کے فرار ہونے پر جشن منایا۔
جیل سے فرار ہونے والے چھ میں سے پانچ قیدیوں کا تعلق اسلامی جہاد جبکہ ایک کا تعلق فتح جماعت سے ہے۔

جیل سے فرار ہونے والے چھ میں سے پانچ قیدیوں کا تعلق اسلامی جہاد سے ہے (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ گلبوا انتہائی سخت سکیورٹی والی جیل ہے جس میں وہ فلسطینی قیدی رکھے جاتے ہیں جن پر اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے کا الزام ہے۔
گلبوا جیل شمالی اسرائیل میں بیت شیان کے علاقے میں واقع ہے جو آئرلینڈ کے ماہرین کی نگرانی میں بنائی گئی تھی اور 2004 میں استعمال کے لیے کھولی گئی تھی۔
اسرائیل کی سخت سکیورٹی والی جیل سے چھ فلسطینی قیدیوں کے فرار ہونے پر غزہ کی پٹی میں لوگوں نے خوشی مناتے ہوئے مٹھائی تقسیم کی تھی۔

شیئر: