Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ ہے: وزیر خارجہ

آسٹریا کے وزیرخارجہ نے یمن میں سیاسی حل کی تلاش کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آسٹریا اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق یہ بیان اتوار کو ریاض میں ہونے والی شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے آسٹرین ہم منصب الیگزینڈر شیلنبرگ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں دیا گیا۔
آسٹریا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر شیلنبرگ ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس موقع پر کہا کہ وہ نائن الیون سے متعلق دستاویز کے منظر عام پر لانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سعودی عرب طویل عرصے سے اس المناک دن کے واقعات سے متعلق دستاویزات جاری کرنے کی حمایت کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف ایک کلیدی پارٹنر کا کردار ادا کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ کی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف بی آئی) نے صدر جو بائیڈن کے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے بعد ہفتے کو نائن الیون کے حملوں سے متعلق اپنی پہلی دستاویز جاری کی ہے۔
آسٹریا کے وزیرخارجہ نے یمن میں سیاسی حل کی تلاش کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔
آسٹرین وزیر خارجہ شیلنبرگ نے کہا کہ حوثی ملیشیا کے پیش نظر یمن کا مفاد نہیں ہے۔ انہوں نے ایران کی پشت پناہی کے ساتھ کیے گئے اس گروپ کے حملوں کی مذمت بھی کی۔
آسٹرین وزیرخارجہ نے سعودی عرب میں جاری سماجی، معاشی بالخصوص خواتین اور انسانی حقوق سے متعلق اصلاحات کے عمل کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے اس عمل میں سعودی عرب آسٹریا کو اپنا پارٹنر سمجھ سکتا ہے۔

شیئر: