Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ کی رمیز راجہ کو مبارکباد، ’انڈرگراؤنڈ ہونے کا وقت آگیا‘

رمیز راجہ نے اپنی ایک یوٹیوب ویڈیو میں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے رمیز راجہ کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اب آپ یہ سوال ضرور کریں گے کہ اس مبارکباد میں خاص بات کیا ہے؟ پچھلے سال جنوری کے مہینے میں رمیز راجہ نے اپنی ایک یوٹیوب ویڈیو میں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اپنی ویڈیو میں رمیز راجہ نے پاکستان کے سلیکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ٹی20 سکواڈ میں شامل نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے محمد حفیظ اور شعیب ملک کے حوالے سے کہا تھا کہ ’دو 38 سال کے کھلاڑی جن کا سب کو پتہ ہے کہ انہوں نے اپنی بیسٹ کرکٹ کب کی کھیل لی ہے اور ٹی 20 لیگز کے لیے یہ تیار ہوتے ہیں، پاکستان کے ٹی20  سرکٹ میں ان کو واپس لا کر آپ نے انوالو کرلیا ہے۔‘
رمیز راجہ کی اس تنقید پر محمد حفیظ بھی خاموش نہیں رہے تھے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ رمیز راجہ کی بحیثیت سابقہ کھلاڑی عزت کرتے ہیں لیکن انہیں ان کے کھیل کے حوالے سے آگاہی پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے رمیز راجہ کے لیے کہا تھا کہ ’ان کی کرکٹنگ سینس اور کھیل سے متعلق آگاہی پر مجھے ہمیشہ سے تحفظات رہے ہیں۔‘
’میرا 12 سال کا بیٹا ہے اور اس کی کبھی میں آپ سے بھی بات کراؤں گا تو اس کی گیم اویرنس اور اس کی گیم سینس رمیز بھائی سے بہت بہتر آپ اس کو جج کریں گے۔‘

ان بیانات کے بعد محمد حفیظ کی رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بننے پر مبارکباد سوشل صارفین کو یاد آرہی ہے۔
عثمان قریشی نامی صارف نے ایک کارٹون کی تصویر شیئر کی اور کہا ’محمد حفیظ اور محمد یوسف اس طرح رمیز راجہ کو مبارکباد دے رہے ہیں۔‘

ہمایوں نامی صارف نے ایک پاکستانی ڈارمے کی تصویر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ’دوستی کرلیں‘۔
ایک اور صارف عبدالرحمان نے انڈین اداکار منوج باجپائی کی تصویر لگائی جس پر پر لکھا تھا ’اب انڈرگراؤنڈ ہونے کا سمے آگیا ہے۔
 

شیئر: