Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چھوٹی گاڑیوں کے سامان کی درآمد پر ڈیوٹی ختم، قیمت میں کمی آئے گی‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایک ہزار سی سی سے کم انجن والی چھوٹی گاڑیوں کے سامان کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جس سے ان گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے بڑی گاڑیوں سے بھی اضافی کسٹم ڈیوٹی ہٹانے اور ڈیوٹی کی شرح سات فیصد سے کم کر کے دو فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’آٹو سیکٹر میں موجودہ پیداوار کے فروغ اور موجودہ ٹیرف نظام میں مشکلات کو دور کرنے کے لیے کابینہ نے ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ ایس آر او 65512006 کے تحت درآمدات پر اضافی کسٹم ڈیوٹی کی شرح سات فیصد سے کم کر کے دو کر دی جائے اور  ہیوی کمرشل گاڑیوں پر بھی اے سی ٹی کی شرح سات فیصد سے کم کر کے دو فیصد کی جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘بڑی گاڑیاں جیسے بسوں اور ٹرکوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ ان سے اضافی کسٹم ڈیوٹی ہٹائی جا رہی ہے۔ جو ہزار سی سی سے کم چھوٹی گاڑیاں ہیں ان کے سامان کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے اس سے ان گاڑیوں کی قیمت میں کمی آئے گی۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ انڈیا نے اسرائیل کے ساتھ  مل کر پاکستان کی اہم شخصیات کے واٹس ایپ نمبر چوری کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جن موبائل کا ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کی گئی ان میں وزیراعظم کا فون بھی شامل تھا۔
’گارڈین اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ ہندوستان نے اسرائیل کی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اہم موبائل فونز کے واٹس ایپ چوری کرنے کی کوشش کی، اس میں وزیراعظم کا فون بھی شامل تھا، ہم نے اس کے لیے انکوائری کمیٹی بنائی تھی۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ اگلے سال ملک میں فائیو جی کا آغاز بھی ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا عزم ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں مواصلات کا نظام قائم کیا جائے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’14 اگست 2021 کو ایف بی آر کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تاہم زیادہ تر ڈیٹا محفوظ رہا۔ ایف بی آر نے ڈیٹا کو محفوظ کرنے کے لیے مختلف کمپنیوں کی خدمات لی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انکوائری مکمل ہوگئی ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ زیادہ تر ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا ہے اور ہیکرز اس تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔ ایف بی آر نے اقدمات لیے ہیں، اور پروفیشنل کمپنیوں کو ہائر کیا ہے اور ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ویب سائٹس پر دس لاکھ حملے ہو چکے ہیں جن کو ناکام بنایا گیا ہے، سکیورٹی سسٹم کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔

شیئر: