Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان سے روسی صدر پوتن کا ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سکیورٹی اور خوشحالی کے لیے افغانستان میں استحکام کی اہمیت کا ذکر کیا۔(فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے منگل کو پاکستان کے وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے افغانستان کی تازہ ترین صورت حال پر بات چیت کی ہے۔
وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے 25 اگست کو ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کو یاد کرتے ہوئے افغانستان کی صورتحال کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں دوطرفہ تعاون سے متعلق گفتگو کی۔
وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کے دوران علاقائی سکیورٹی اور خوشحالی کے لیے افغانستان میں امن اور استحکام کی اہمیت کا ذکر کیا، انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کی فوری ضرورت کی جانب توجہ دلائی۔
وزیراعظم کے ترجمان کی پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے افغانستان کی تیزی سے بدلتی صورتحال سے متعلق پاکستان اور روس کے درمیان مشاورت اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت ، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی بات کی۔
پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو اپنے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اور آپس میں قریبی روابط رکھنے پر اتفاق کیا۔

شیئر: