Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں امن کے لیے اقوام متحدہ سے تعاون کرتے رہیں گے: سعودی کابینہ

سعودی کابینہ نے منگل کو ہونے والے ورچوئل اجلاس میں عالمی برادری سے پھر اپیل کی ہے کہ وہ حوثی ملیشیا کے حوالے سے اپنا کردارادا کرے۔ 
کابینہ نے یہ اپیل منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقدہ ورچول اجلاس کے موقع پر کی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے یمن میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔ 
کابینہ نے اجلاس میں خطے، عالمی حالات حاضرہ اور اہم موضوعات کا جائزہ لیا۔
کابینہ نے کہا کہ ’حوثیوں کی سرحد پار سرگرمیاں یمنی بحران کے پرامن حل تک رسائی کی عالمی کوششوں کو سبوتاژ کررہی ہیں‘۔
کابینہ کو گزشتہ دنوں برادر اور دوست ممالک کے ساتھ اعلی قیادت کی ملاقاتوں اور میٹنگوں میں زیر بحث آنے والے امور، مذاکرات کی تفصیلات اور نتائج سے آگاہ کیا گیا۔
ملاقاتیں مختلف شعبوں میں تعلقات کے استحکام اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے نیز مملکت کے علاقائی اور بین الاقوامی کردار اور حیثیت کو مضبوط بنانے کے لیے ہوئی تھیں۔
کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’سعودی عرب یمن میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور اسے اپنی ترجیح قرار دیے ہوئے  ہے‘۔ 
کابینہ نے واضح کیا کہ ’سعودی عرب بین الاقوامی انسانی قانون اور اس کے روایتی ضوابط کے مطابق اپنے شہریوں اور سرحدوں کے امن کے دفاع کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے‘۔ 
قائم مقام وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کے نمائندے کو بتایا کہ’ کابینہ نے سلامتی کونسل کے نام اقوام متحدہ میں تعینات اپنے سفارتی مشن کے پیغام کے مندرجات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران  کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں نے مشرقی ریجن، جازان اور نجران کے شہریوں پر حال ہی میں جو دہشت گردانہ حملے کیے ہیں‘۔
اس حوالے سے عالمی برادری سے اپیل کی جاتی ہے کہ ’وہ حوثی ملیشیا اور انہیں اسلحہ سپلائی کرنے والوں کے حوالے سے اپنا کردارادا کرے۔ حوثیوں کو سرحد پار جارحانہ حملوں سے باز رکھنے کے لیے اسلحہ کی سپلائی بند کرائی جائے‘۔ 
کابینہ نے عرب لیگ کونسل کے 156 ویں اجلاس میں مملکت کی شرکت اور بیت المقدس میں اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کی مذمت پر مشتمل موقف کا بھی اعادہ کیا۔ 
کابینہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مملکت میں چالیس ملین کے قریب کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ اس سے معاشرے میں مدافعتی نظام مضبوط ہوگا۔ 
کابینہ نے متعدد فیصلے کیے۔ وزیر توانائی کو جاپان کے ساتھ ہائیڈروجن اور کاربن ری سائیکلنگ اور کاربن سرکلر اکانومی کے شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔  
کابینہ نے کمیونیکیشن  ورلڈ آرگنائزیشن کے  ساتھ سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کے درمیان تعاون کے معاہدے کا اختیار سدایا کے چیئرمین کے حوالے کیا۔
مصر کے ساتھ تعلیم اور تربیت کے شعبے میں تعاون کی یادداشت پر دستخط کا اختیار تعلیم و تربیت کے ادارے کے سربراہ کو دیا۔ 
کابینہ نے جنرل اتھارٹی فار ڈیفینس ڈیولپمنٹ کے قیام ، پرسنل ڈیٹا تحفظ قانون اور انسداد گداگری قانون سمیت متعدد قوانین کی منظوری دی ہے۔

شیئر: