Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں اتحاد، یکجہتی اور امن کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے: سعودی کابینہ

کابینہ نے کہا کہ ’سعودی عرب افغانستان میں اتحاد، یکجہتی اور امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا‘ (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی کابینہ نے انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون میں معافی کے ضوابط کی منظوری دے دی۔ 
 انسداد تجارتی پردہ پوشی قانون میں مذکور خلاف ورزیوں اور جرائم کا سدباب کرنے والے اہلکاروں کے لیے انعامات کے ضوابط بھی جاری کیے گئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ورچوئل اجلاس میں سفری دستاویزات کے قانون میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔
سعودی کابینہ میں کورونا وبا سے متعلق تازہ اعدادوشمار پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی جس میں اس بات پرخوشی کا اظہار کیا گیا کہ مملکت وبا سے نمٹنے میں اہم رکاوٹیں عبور کرچکی ہے۔
 اجلاس میں سعودی عرب اور متعدد ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور ان کے نتائج پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کی گئی۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ مملکت نے مختلف شعبوں میں تعاون کے رشتے مضبوط بنانے اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر یکجہتی بڑھانے اور مختلف بحرانوں اور مسائل سے نمٹنے کے سلسلے میں برادر اور دوست ممالک کی مدد کی ہے‘۔ 
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کو بتایا کہ ’تیونس کے صدر قیس سعید سے رابطہ کرکے انہیں اطمینان دلایا کہ ’سعودی عرب  تیونس کا امن و استحکام چاہتا ہے اور درپیش صحت بحران سے نمٹنے میں اس کے ساتھ کھڑا ہے‘۔
  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’تیونس کو صحت بحران سے نکالنے کے لیے ضروری صحت امداد روانہ کرنے کے احکام بھی جاری کردیے‘۔
وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر عصام بن سعد نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ ’کابینہ میں خطے اور دنیا کے اہم حالات پر بحث ہوئی۔‘
اس حوالے سے مملکت نے دوبارہ اس عزم کا اظہار کیا کہ’ سعودی عرب افغانستان میں اتحاد، یکجہتی اور امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا اور یہ مملکت کا تاریخی اور غیر متزلزل موقف ہے اور رہے گا‘۔  
کابینہ نے اس حوالے سے مملکت کے اس موقف کا بھی اعادہ کیا جس کا اعلان اسلامی تعاون تنظیم  کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے او آئی سی کے  ہنگامی اجلاس میں کیا گیا تھا۔
کابینہ نے کہا کہ ’سعودی عرب، افغانستان کے جامع سیاسی تصفیے تک رسائی کے لیے فوری اقدام کو ضروری سمجھتا ہے۔‘
’مملکت نے عالمی برادری سے یہ اپیل بھی دہرائی کہ افغانستان میں ہنگامی انسانی امداد جلد از جلد پہنچائی جائے اور وہاں امن و خوش حالی میں مدد کے لیے ترقی و استحکام کی کوششوں کا ساتھ دیا جائے۔‘
سعودی کابینہ نے نئے تعلیمی سال کی آمد پر سکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
کابینہ نے خواہش ظاہر کی کہ تمام طلبہ، استاد اور استانیاں محفوظ رہیں۔ تعلیمی اداروں میں سب کی واپسی وائرس سے محفوظ رہے۔ 
سعودی کابینہ میں کورونا وبا سے متعلق اعدادوشمار بھی پیش کیے گئے ہیں۔  
کابینہ نے اجلاس میں 13 اہم فیصلے بھی کیے۔ کابینہ نے وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کے ماتحت انسانی امور کے رابطہ دفتر کے ساتھ مذاکرات اور معاہدے کا اختیار تفویض کیا۔
وزیر ثقافت کو برطانیہ اور آئرلینڈ کے ساتھ ثقافتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار دیا جبکہ کوریا کے ساتھ سعودی کورین وژن 2030 کے حوالے سے تعاون کی یادداشت کے پروٹوکول کی منظوری دی گئی ہے۔ 
کابینہ نے برطانیہ کی خلائی ایجنسی اور شمالی آئرلینڈ کے ساتھ خلا کے پرامن استعمال کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار سعودی خلائی ایجنسی کے سربراہ کو دے دیا۔  

شیئر: