Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راکا پوشی پر پھنسے تین کوہ پیما ریسکیو، بیس کیمپ پہنچ گئے

پاکستان آرمی نے آٹھ روز سے راکا پوشی پہاڑ پر چھ ہزار 900 میٹر کی بلندی پر پھنسے تین کوہ پیماؤں کو ریسکیو کر لیا ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدری کے مطابق تینوں کوہ پیما بیس کیمپ پہنچ چکے ہیں اور خیر و عافیت سے ہیں۔
اردو نیوز سے گفتگو میں قرار حیدری نے بتایا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے واجد اللہ نگری اور چیک ری پبلک کے پیٹر میسیک اور جیکب ویسیک آٹھ ستمبر کو چھ ہزار 900 میٹر کی بلندی پر خراب موسم کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں کو ابتدائی طور پر کھانے پینے کا سامان بذریعہ ہیلی کاپٹر مہیا کر دیا گیا تھا لیکن موسم کی شدت بڑھنے کے بعد انہیں کو نکالنا ناگزیر ہوگیا تھا۔ انہیں ضروری سامان فراہم کرتے ہوئے نیچے اترنے کا کہا گیا تھا لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’آرمی ہیلی کاپٹر نے اتوار اور پیر کو پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں کو ڈھونڈنے کے لیے پروازیں کیں۔ انہیں ڈھونڈ تو لیا گیا لیکن فوری طوری پر انہیں ریسکیو نہیں کیا جا سکا تھا۔‘
پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرنے کے لیے محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ بھی گلگت پہنچے تھے کہ وہ زمینی ریسکیو مشن شروع کر سکیں کیونکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔
تاہم پاک فوج نے کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے تینوں کوہ پیماؤں کو نکال لیا ہے۔ امکان ہے کہ یہ کوہ پیما آج میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے اور مشن کے دوران پیش آنے والے حالات کے بارے آگاہ کریں گے۔
خیال رہے کہ تینوں کوہ پیماؤں نے راکا پوشی کو سر کرنے کا سفر ایک ماہ قبل شروع کیا تھا۔

شیئر: