Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ سے فائزر ویکسین کی مزید 35 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

امریکہ نے فائزر ویکسین کی کُل ایک کروڑ 57 لاکھ خوراکیں پاکستان کو عطیہ کی ہیں۔ (فوٹو: امریکی سفارتخانہ ٹوئٹر)
امریکہ کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کی گئیں فائزر ویکسین کی مزید 35 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کے بعد سے اب تک فائزر ویکسین کی کل ایک کروڑ 57 لاکھ خوراکیں پاکستان کو عطیہ کی گئی ہیں۔ 
اس ماہ کے آغاز میں امریکہ نے فائزر ویکسین کی 66 لاکھ خوراکیں عطیہ کی تھیں تاکہ کورونا وائرس کے خلااف جنگ میں پاکستان کی مدد کی جائے۔
جبکہ 13 ستمبر کو امریکہ کی جانب سے حکومت سندھ کو 3 لاکھ 20 ہزار 580 خوراکیں موصول ہوئی ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں تمام تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ 
نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ ہفتے میں صرف تین دن کھولے جائیں گے۔
جبکہ جن 24 اضلاع میں وائرس کے مثبت کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد سخت پابندیاں عائد کی تھیں، ان میں صرف پانچ میں پابندیاں برقرار رکھنے کا کہا ہے۔
این سی او سی کے مطابق صوبہ پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا جبکہ خیبر پختونخوا میں بنوں کے اضلاع میں وائرس متاثرین کی تعداد زیادہ ہے۔ ان اضلاع میں رات کے آٹھ بجے تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند کر دی جائیں گی جو سینچر اور اتوار کو مکمل بند رہیں گے۔
دیگر اضلاع میں کاروباری مراکز رات دس بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ہفتے میں ایک دن تمام کاروبار مکمل بند ہوں گے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو ہزار 714 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

شیئر: