Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ سے فائزر ویکسین کی مزید 37 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

اس سے قبل امریکہ نے ویکسین کی 55 لاکھ خوراکیں عطیہ کی تھیں۔ فوٹو: ٹوئٹر امریکی سفارتخانہ
امریکہ کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کی گئیں فائزر ویکسین کی مزید 37 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی میں 37 لاکھ خوراکوں پر مشتمل ویکسین کی تیسری کھیپ اسلام آباد پہنچا دی گئی ہے۔ 
سفارت خانے کے مطابق اس سے قبل امریکہ موڈرنا ویکسین کی 55 لاکھ خوارکیں پاکستان کو عطیہ کر چکا ہے۔
امریکی سفارت خانے نے ٹوئٹر پر پیغام میں مزید کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے آغاز سے اب تک کووڈ 19 کی مد میں پاکستان کی 63 ملین ڈالر کی امداد کر چکے ہیں جو حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 25 ہزار 320 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 85 افراد کی موت پچھلے 24 گھنٹوں میں واقع ہوئی۔
پاکستانی حکام نے اس سال کے آخر تک تقریباً ملک کی 70 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: