Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویراٹ کوہلی نے ورلڈ کپ کے بعد ٹی20 ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا

کوہلی کا کہنا ہے کہ وہ وہ بحیثیت بلے باز ٹی20 کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے رواں برس اکتوبر میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اس فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں مایہ ناز انڈین بلے باز کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے 8،9 سالوں سے اپنی ٹیم کی جانب سے ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی 20 کھیل رہے ہیں اور پچھلے 5،6 سالوں سے ٹیم کی قیادت بھی کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی20 کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ انہوں نے ورک لوڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔
’مجھے لگتا ہے کہ مجھے خود کو سپیس دینے کی ضرورت ہے تاکہ انڈیا کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کی بھرپور طرح سے قیادت کرسکوں۔‘
تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ بحیثیت بلے باز ٹی20 کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
ویراٹ کوہلی کی جگہ انڈیا کی ٹی 20 ٹیم کی قیادت کون کرے گا اس حوالے سے تو کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ اوپننگ بلے باز روہت شرما اس فارمیٹ میں انڈیا کے نئے کپتان ہوں گے۔
ٹی 20 ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلا جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو دبئی میں کھیلے گا، جس میں مدمقابل انڈیا کی ٹیم ہوگی۔
پاکستان کے بقیہ میچ نیوزی لینڈ سے 26 اکتوبر، افغانستان سے 29 اکتوبر، اور پہلے مرحلے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے 2 اور 7 نومبر کو ہوں گے۔
سپر 12 مرحلے کے مقابلے 23 اکتوبر تا 8 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 10 نومبر اور 11 نومبر کو ہوں گے۔
 ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو دبئی میں ہوگا۔

شیئر: