Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی وزیر خارجہ رواں ماہ بحرین کا دورہ کریں گے 

اسرائیل کے کسی وزیر کا پہلا دورہ بحرین ہوگا(فائل فوٹو اے ایف پی) 
اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ماہ رواں کے دوران بحرین کا دورہ کریں گے۔ یہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے بعد اسرائیل کے کسی وزیر کا پہلا دورہ بحرین ہوگا۔ 
عرب نیوز اور آرٹی کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ دورے کا پروگرام امریکی وزیرخارجہ انتونی بلنکن سمیت کثیر فریقی ٹیلیفونک رابطے کے دوران طے پایا ہے۔
گزشتہ سال امریکہ کی ثالثی سے  سرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والے معاہدوں پر دستخط کرنے والے ممالک بحرین، متحدہ عرب امارات اور مراکش کے عہدیداروں سے ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ ابراہم معاہدہ کلب نئے رکن ملکوں کے لیے بھی کھلا ہوا ہے- انہوں نے یہ بات ماہ رواں کے آخر میں بحرین کے  دورے کے پروگرام کا اعلان کرنے سے قبل کہی- 
بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے کہا کہ تعاون کے فائدے نمایاں کرنے کے  لیے مزید محنت کرنی چاہئے۔ 
انہو ں نے کہا کہ اس بات کی ضرورت ہے کہ حقیقی علاقائی امن کا تصور اجاگر کیا جائے۔ ایک دوسرے پر انحصار کا فائدہ نمایاں کیا جائے۔ مشرق وسطی کی تمام اقوام کی یومیہ زندگی میں بہتری پیدا ہونے کی بات کو سادہ انداز میں بیان کیا جائے۔
ان ممالک کے عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ نئے تعلقات مضبوط ، گہرے ہوں اور دیگر ممالک ان کے نقش قدم پر چلیں۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیر خارجہ جون میں متحدہ عرب امارات اور اگست میں مراکش کا دورہ کرچکے ہیں۔
 

شیئر: