Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا سعودی عرب سے دل کا رشتہ ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات دفاعی، سٹریٹیجک اور معاشی ہو سکتے ہیں لیکن سعودی عرب کے ساتھ ہمارا دل کا رشتہ ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں سعودی عرب کے 91 ویں یوم الوطنی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پاکستان بننے سے بھی قبل کے ہیں۔
فواد چوہدری نے 1946 ہی کے اواخر کا تذکرہ کرتے ہوئے یاد دلایا کہ اس وقت جب آل انڈیا مسلم لیگ کا وفد اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچا تھا تو کانگریس نے اسے اقوام متحدہ میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
فواد چوہدری نے اس موقع پر کنگ عبد العزیز کی جانب سے دیے جانے والے ایک عشائیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہ انہوں نے اس میں آل انڈیا مسلم لیگ کے وفد کو شرکت کی دعوت دی جس سے پاکستان کے یو این میں داخلے کی راہ ہموار ہوئی۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ’ کنگ عبد العزیز کا جو تعلق آل انڈیا مسلم اور قائد اعظم سے رہا وہ اب پاکستان کی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ’ تاریخی تعلقات کا یہ سلسلہ پاکستان بننے کے بعد بھی جاری رہا اور 60 کی دہائی میں دونوں ممالک کے درمیان خصوصی طور پر جو دفاعی تعلقاب پروان چڑھے۔ اس کی مثال بہت کم ملتی ہے۔‘وفاقی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’دوسرے ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات دفاعی، سٹریٹیجک اور معاشی ہو سکتے ہیں لیکن سعودی عرب کے ساتھ ہمارا دل کا رشتہ ہے۔ اور اس رشتے کی ایک لمبی تاریخ ہے‘
فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان تعلقات کو ایک نیا زاویہ دیا ہے اور ایک نئی منزل پر پہنچے ہیں۔
انہوں نے قومی دن پر مبارک باد دیتے ہوئے سعودی عرب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا ’سعودی عرب زندہ بار، پاک سعودی عرب دوستی پائندہ باد۔
اس سے پہلے سعودی عرب کے 91 ویں یوم الوطنی کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارک باد پیش کی ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے عوام کی جانب سے سعودی عرب کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے دعا بھی دی اور کہا ’دور اندیش قیادت کے زیر سایہ ترقی کا یہ سفر پیہم جاری رہے۔‘
 

 سعودی عرب کے 91 ویں یوم الوطنی کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارک باد پیش کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے تہنیتی پیغام میں لکھا کہ ’ مملکت کے91 ویں قومی دن کےموقع پر میں اپنی حکومت اورعوامِ پاکستان کی جانب سےخادم الحرمین الشریفین عزت مآب جناب شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہدعالی جناب محمد بن سلمان اورسعودی عرب کے برادرعوام کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’ہماری دعا ہے کہ دوراندیش قیادت کےزیرِسایہ ترقی کا ان کا یہ سفر پیہم جاری رہے۔‘
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی سعودی عرب کی قیادت کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کے عوام پارلیمان اور حکومت سعودی عرب کے عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات تاریخی اور مثالی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب ترقی و خوشحالی کا مشترکہ ویژن رکھتے ہیں،  دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے خواہاں ہیں۔‘

شیئر: