Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی شادی ’پبلک‘

پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے بیٹے کی تصاویر اپنے واٹس ایپ سٹیٹس پر آویزاں کی ہیں (فوٹو: دعا بھٹو)
پاکستان کے جنوبی صوبے سندھ میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اپنی ہی پارٹی کی خاتون رکن کے ساتھ دوسری شادی پبلک کر دی ہے۔
پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو اور حلیم عادل  شیخ کی جانب سے اپنی شادی کا معاملہ بیٹے کی ولادت کے بعد اس وقت پبلک ہوا جب بچے کی پیدائش پر دعا بھٹو نے سٹیٹس لگا دیا۔
حلیم عادل شیخ اور دعا بھٹو کے بیٹے کا نام کامل حلیم شیخ رکھا گیا ہے جسے خاتون رکن اسمبلی نے اپنی واٹس ایپ ڈی پی پر لکھ کر ڈسپلے کیا ہے۔
دعا بھٹو کی جانب سے بیٹے کی ولادت کو اپنی شادی ڈکلیر کرنے کا موقع بنایا گیا تو جہاں سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کو مبارکباد دی وہیں کچھ صارفین ’تین برس بعد‘ ایسا کرنے پر اراکین اسمبلی کے نااہلی سے بچے رہنے کی توقع ظاہر کیے بغیر بھی رہ نہ سکے۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی خاتون ٹویپ شمع جونیجو نے لکھا کہ ’اُمید ہے کہ دونوں شادی چھپانے کی وجہ سے نااہل نہیں ہوں گے۔‘
’شادی چھپانے کی وجہ سے حلیم عادل شیخ اور دعا بھٹو ممکنہ نااہلی‘ کا ذکر آگے بڑھا تو اسی دوران ٹائم لائنز پر یہ اطلاع بھی سامنے آئی ہے کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر نے شادی کی تصدیق کی ہے۔

حلیم عادل شیخ کا موقف بتانے والوں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما کے مطابق انہوں نے یہ شادی الیکشن سے پہلے نہیں بلکہ اس کے بعد کی تھی۔
دعا بھٹو 2018 سے پی ٹی آئی کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر سندھ اسمبلی کی رکن ہیں جب کہ ان کے شوہر حلیم عادل شیخ کراچی ایسٹ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 99 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

شیئر: