Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’براڈ بوائے‘ شہروز کاشف نے مناسلو چوٹی سر کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا

نیپال میں موجود مناسلو دنیا کی آٹھویں سب سے اونچی چوٹی ہے جو 8,163 میٹر بلند ہے (فوٹو:کراکرم کلب ٹوئٹر)
پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف نے 19 سال کی عمر میں دنیا کی سب سے بلند قامت چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ اور دوسری بلند چوٹی کے ٹو سر کرنے کے بعد ایک اور چوٹی مناسلو پر بھی پاکستانی پرچم لہرا دیا ہے۔ 
شہروز کاشف کے براڈ بوئے نامی آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق سنیچر کی صبح کوہ پیما نے نیپال میں مناسلو چوٹی کو سر کرنے کا معرکہ انجام دیا ہے۔ ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’شہروز کاشف نے ایک بار پھر یہ پاکستان کے لیے کر لیا۔ شہروز نے آج صبح 5 بج کر40 منٹ پر نیپال میں 8,163 میٹر بلند چوٹی سر کی ہے۔‘
نیپال میں موجود مناسلو دنیا کی آٹھویں سب سے اونچی چوٹی ہے جو 8,163 میٹر بلند ہے۔ یہ نیپال میں سلسلہ کوہ ہمالیہ میں واقع ہے۔
کراکرم کلب ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شہروز کاشف کے سر کرنے کی اطلاع دی گئی اور ان کے بحفاظت واپسی کے لیے دعا کی درخواست کی گئی ہے۔
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’آج صبح ہمارے لڑکے شہروز کاشف نیپال میں موجود مناسلو چوٹی سر کر چکے ہیں۔ یہ ان کی چوتھی آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹی ہے جو انہوں نے سر کی ہے، اس سے قبل اسی سال وہ تین چوٹیاں سر کر چکے ہیں۔ وہ اس وقت مناسلو سے واپسی پر ہیں اور آپ سے ان کی بحفاظت واپسی کے لیے دعاؤں کی درخواست ہے۔‘
شہروز کا تعلق لاہور سے ہے۔ انہوں نے11 سال کی عمر میں پہاڑ چڑھنا شروع کیے تھے۔ اس وقت انہوں نے چار ہزار میٹر بلند چوٹیاں سر کیں جن میں مکڑا پیک اور موسی کا مصلہ شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین شہروز کاشف کو ایک اور اعزاز اپنے نام کر لینے پر مبارکباد دے رہے ہیں، ٹوئٹر صارف ارسلان جٹ نے لکھا کہ ’شہروز کاشف نے یہ دوبارہ کر لیا۔ پانچ مہینے میں یہ تیسری آٹھ ہزار میڑ سے بلند چوٹی ہے۔ یہ واحد نوجوان ہے جس نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ مبارک ہو، ہمیں آپ پر فخر ہے۔‘

شیئر: