Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین کے زیر انتظام کاروباری اداروں کو 432 ملین ریال  کے قرضے

2006 میں کفالہ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری قرضوں کی گارنٹی کا پروگرام (کفالہ) ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مالی مدد فراہم کرنے کا حکومتی انیشیٹو ہے۔
عرب نیوز نے سعودی اخبار الاقتصادية کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں برس کی پہلی ششماہی میں خواتین کی سرپرستی میں چلنے والے 456 کاروباری اداروں کو 432 ملین ریال  کے قرضے دیے گئے۔
ریاض کے وسطی علاقے میں کاروباری اداروں کو سب سے زیادہ کفالہ سپورٹ ملا، 151 کاروباری اداروں نے 178 ملین ریال فنانس کیے۔
اس کے بعد مکہ ریجن میں 115 کاروباری اداروں نے 97 ملین ریال فنانس کیے جبکہ مشرقی صوبے میں 102 کاروباری اداروں نے 99 ملین ریال فنانس کیے۔
سعودی کفالہ پروگرام کئی کاروباری شعبوں پر مشتمل ہے جن میں ہول سیل تجارت، کیٹرنگ اور ہوٹل، مینوفیکچرنگ انڈسٹریز اور انتظامی اور سپورٹ خدمات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت خزانہ، سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ اور سعودی بینکوں کی مشترکہ کوششوں سے 2006 میں کفالہ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا۔
بینکوں کی جانب سے صارفین کو 2 ملین ریال تک مالی اعانت کے لیے کفالہ پروگرام کی جانب سے مطلوبہ مالی مدد کے بدلے میں 80 فیصد گارنٹی فراہم کی جاتی ہے۔
کفالہ پروگرام نے اگست میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں کی ضمانت دینے اور کورونا وائرس کے دوران کاروباری اداروں کو ضروری مالی مدد فراہم کرنے کے لیے قومی ترقیاتی فنڈ کے تعاون سے 450 ملین ریال کے اقدامات کا پیکیج شروع کیا تھا۔
مملکت کے وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے میں سعودی معاشی نمو پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
کفالہ اس مقصد کو اپنے تمام تر اقدامات اور مصنوعات کے ساتھ حاصل کرنے کے لیے جنرل اتھارٹی برائے ایس ایم ایز (منشات) اور نیشنل ڈویلپمنٹ فنڈ (این ڈی ایف) کے تعاون سے حاصل کرنا چاہتا ہے۔

شیئر: