Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت نے خاتون کو گاڑی کا چار لاکھ 70 ہزار ریال معاوضہ دلا دیا

ٹریفک جرمانے خاتون کو ارسال کئے جارہے تھے- (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب کی ایک عدالت نے  بارہ برس قبل قسطوں والی گاڑی سے محروم کرنے پر مقامی خاتون کو 4 لاکھ 70 ہزار ریال کا معاوضہ دلادیا-
کار فروخت کرنے والی کمپنی نے  خاتون کی گاڑی اٹھا کر ایک اور شہری کو فروخت کردی تھی جبکہ گاڑی کی ملکیت خاتون کے نام پر برقرار رکھی گئی تھی-
مزید پڑھیں
عکاظ اخبار کے  مطابق گاڑی کے غیر قانونی سعودی مالک نے اس دوران ٹریفک خلاف ورزیاں کیں جن پر 55 ہزار ریال سے زیادہ کے جرمانے خاتون کے نام آئے- دس برس تک گاڑی مقامی شہری کے قبضے میں رہی- 
اس سے قبل جدہ کی ایک عدالت نے  فیصلہ جاری کیا تھا کہ مقامی شہری کے قبضے سے گاڑی حاصل  کی جائے  جسے اس نے نافذ نہیں کیا تھا-
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کی مشہور کمپنی نے بارہ برس قبل مقامی خاتون کی گاڑی اٹھوا لی تھی- کمپنی کا موقف یہ تھا کہ خاتون نے گاڑی کی قسطیں ادا نہیں کی ہیں- جس کے بعد کمپنی نے وہ گاڑی  ایک سعودی شہری کو فروخت کردی- ملکیت خاتون کے نام برقرار رہی- اس دوران مقامی شہری گاڑی چلاتا رہا اور ٹریفک خلاف ورزیاں کرتارہا- جس پر  55 ہزار ریال تک کے جرمانے آئے  جن کا مطالبہ  محکمہ ٹریفک خاتون سے کرتا رہا کیونکہ گاڑی اسی کے نام تھی-
مقامی خاتون نے  جدہ جنرل کورٹ کے سامنے مقدمہ دائر کرکے کمپنی اور مقامی شہری سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا- مقامی  شہری نہ تو اصلاح حال پرراضی ہوا اور نہ ہی وہ گاڑی کی ملکیت اپنے نام منتقل کرنے کے لیے تیار ہوا اور نہ ہی گاڑی واپس کرنے پر آمادہ ہوا- عدالت نے اس کے خلاف فیصلہ کیا جس سے اس نے نافذ نہیں کیا- 
خاتون نے اپنے دعوے میں یہ بھی واضح کیا کہ  وہ بارہ برس سے  پرآسائش کار سے محروم ہے اس کی قیمت 5 لاکھ ریال سے زیادہ کی تھی- گاڑی کسی اور کے قبضے میں ہے- کمپنی تعاون کے لیے تیار نہیں- کمپنی نے اس سے نہ صرف یہ کہ گاڑی چھین لی ہے اوپر سے اسے فروخت کرکے جرمانوں کا بوجھ بھی اس کے سر ڈالا ہوا ہے- اس قسم کی گاڑی سے یومیہ تین ہزار ریال کا فائدہ ہوتا ہے- 
کمپنی نے خاتون کے دعوے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بے شک اس نے گاڑی فروخت کردی ہے- مقامی شہری نے بھی تسلیم کیا کہ گاڑی اس کے قبضے میں ہے لیکن فیصلے کی تاریخ پر مقامی شہری عدالت نہیں پہنچا- 
مقامی خاتون نے مطالبہ کیا کہ اسے یومیہ تین ہزار ریال کے حساب سے نقصان کا معاوضہ دلایا جائے- عدالت نے متعدد تاریخوں پر گاڑی کے نئے مالک کے نہ آنے پر فیصلہ سنادیا کہ وہ چار لاکھ 70 ہزار ریال خاتون کو ادا کرے اور گاڑی فورا اس کے حوالے کردے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: