’خفیہ ایجنٹوں کی کہانی‘، کیا فلم ’ایجنٹ ونود‘ سیف علی خان اور کرینہ کپور کی وجہ سے فلاپ ہوئی؟
جب بالی وڈ کی سپائی تھرلر ’ایجنٹ ونود‘ ریلیز ہوئی تو اِس سے بہت بڑی توقعات وابستہ تھیں، کیونکہ فلم سے اداکار سیف علی خان اور ہدایت کار سری رام راگھون کی جوڑی وابستہ تھی۔
اس لیے توقع کی جا رہی تھی کہ یہ سال کی سب سے بڑی ہِٹ ثابت ہوگی، لیکن فلم ریلیز ہوتے ہی ناکام ہوگئی اور بعد ازاں خود ڈائریکٹر نے بھی اسے ’دردِ سر‘ قرار دیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اب فلم کے ایک اداکار للیت پریمو نے ایک انٹرویو میں الزام عائد کیا ہے کہ ’ایجنٹ ونود‘ کی ناکامی کی بڑی وجہ فلم کے مرکزی اداکاروں سیف علی خان اور کرینہ کپور کی ضرورت سے زیادہ مداخلت تھی۔
انہوں ںے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سری رام راگھون نے بھی اِن دونوں اداکاروں کی مداخلت کا ذکر کیا تھا جس کا بالآخر حتمی نتیجہ فلم کے فلاپ ہونے کی صورت میں نکلا۔
’میرے خیال میں فلم کامیاب نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ سٹارز سیف علی خان اور کرینہ کپور کی اِس میں بہت زیادہ مداخلت تھی۔ سری رام راگھون، جس انداز میں فلم بنانا چاہتے تھے، وہ اس طرح نہیں بنا سکے۔‘
للیت پریمو کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ’فلم ڈائریکٹر کو مسلسل ہدایات دی جا رہی تھیں کہ اُنہیں کیا کرنا چاہیے اور پھر فلم کے ساتھ کیا ہوا، آپ کے سامنے ہے۔‘
اداکار کے مطابق ’فلم ’ایجنٹ ونود‘ کی کہانی لکھنے والی اور ڈائریکشن دینے والی ٹیم جس طرح کام کرنا چاہتی تھی وہ نہیں کر سکی۔ یہی اس فلم کی سب سے بڑی خامی تھی۔‘
’فلم دراصل ڈائریکٹر ہی بناتا ہے، اس لیے اگر اُس کے پاس واضح ویژن ہو تو باقی سب کو اُس کی پیروی کرنی چاہیے، تاہم اگر کوئی اداکار صرف اپنی ’سٹار پاور‘ کی وجہ سے مشورے دے تو اس سے فلم تباہ ہو جاتی ہے۔‘
اس سے قبل ایک انٹرویو میں سری رام راگھون نے بھی ’ایجنٹ ونود‘ کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی ایک بڑی غلطی یہ تھی کہ انہوں نے فلم کی کہانی کو کم اہم سمجھا اور سیکوئنسز پر زیادہ توجہ دی۔
فلم ڈائریکٹر نے انٹرویو کے دوران اس بات کا بھی اعتراف کیا تھا کہ فلم ’اتنی اچھی نہیں بنی جتنی بننا چاہیے تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ فلم اُن کے لیے ’دردِسر‘ بن گئی اور دیکھنے والوں کے لیے تھکا دینے والی ثابت ہوئی، تاہم اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’فلم میں کچھ بہترین سینز موجود ہیں جنہیں وہ پسند کرتے ہیں۔‘
سنہ 2012 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں سیف علی خان نے انڈیا کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ جبکہ کرینہ کپور نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی ’آئی ایس آئی‘کی ایجنٹ کا کردار ادا کیا تھا۔ ریلیز کے ساتھ ہی ’ایجنٹ انود‘ کو فلم ناقدین کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
