Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کاک ٹیل 2‘: شاہد کپور کا معاوضہ کریتی سینن اور رشمیکا کے مجموعی معاوضے سے بھی زیادہ

فلم ’کاک ٹیل 2‘ کو مجموعی طور پر تقریباً 150 کروڑ روپے کے بجٹ میں بنایا گیا ہے (فوٹو: نیوز بائیٹس ایپ)
بالی وڈ کی نئی آنے والے فلم ’کاک ٹیل 2‘ کے تین مرکزی اداکاروں کے معاوضوں کے بارے میں دلچسپ انکشاف ہوا ہے۔
بالی وڈ ہنگامہ کی جانب سے شائع کی گئی تفصیل کے مطابق فلم ’کاک ٹیل 2‘ کی مرکزی کاسٹ کے معاوضوں کی تفصیل سامنے آگئی ہیں اور شاہد کپور کی کمائی کریتی سینن اور رشمیکا منڈانا کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلم کے تین مرکزی اداکاروں شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا منڈانا نے مل کر فلم ’کاک ٹیل 2‘ کے لیے مجموعی طور پر 35 کروڑ روپے معاوضہ وصول کیا ہے۔  سب سے زیادہ معاوضہ شاہد کپور نے وصول کیا جو 21 کروڑ روپے ہے، اس کے بعد کریتی سینن نے 8 کروڑ روپے اور  رشمیکا منڈانا کو 6  کروڑ روپے ملے۔
بالی وڈ ہنگامہ کو ایک ذریعے سے یہ معلوم ہوا کہ یہ تینوں اداکاروں کے کیریئر کا کسی بھی تھیٹر ریلیز فلم کے لیے اب تک کا سب سے زیادہ معاوضہ ہے۔ البتہ شاہد کپور نے او ٹی ٹی پروجیکٹس جیسے ’بلڈی ڈیڈی‘، ’فرزی‘ اور ’فرزی 2‘ کے لیے اس سے بھی زیادہ معاوضہ وصول کیا، لیکن یہ سب ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے تھا۔
فلم ’کاک ٹیل 2‘ کو مجموعی طور پر تقریباً 150 کروڑ روپے کے بجٹ میں بنایا گیا ہے، جس میں اداکاروں کی فیس بھی شامل ہے۔ یہ فلم 19 جون کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، 150 کروڑ کے بجٹ میں سے 35 کروڑ اداکاروں کا معاوضہ اور 20 کروڑ پرنٹ اور ایڈورٹائزنگ (تشہیر) پر خرچ ہوئے ہیں، جبکہ باقی 95 کروڑ روپے فلم کی تیاری، شوٹنگ اور دیگر معاون کاسٹ کے معاوضوں کی مد میں خرچ ہوئے ہیں۔
فلم کا ٹریلر اور گیت پہلے ہی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر چکے ہیں اور اب اس کی شاندار ریلیز کے لیے جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔

فلم کا ٹریلر اور گیت پہلے ہی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر چکے ہیں (فوٹو: نیوز بائٹس ایپ)

یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ بالی وڈ میں ہمیشہ سے خواتین اداکارائوں کا معاوضہ کم رہا ہے۔ کریتی سینن اس وقت بالی وڈ کی ٹاپ اداکارہ ہیں لیکن ان کا معاوضہ شاہد کپور سے نصف سے بھی کم ہے۔
فلمی پنڈتوں کی رائے میں اس کی وجہ یہ ہے کہ بالی وڈ میں اب بھی ایسی فلمیں زیادہ نہیں بنائی جا رہی جن میں خواتین اداکارائوں کا کردار مضبوط ہو جب کہ مرد اداکار مضبوط کرداروں کے باعث زیادہ اور منہ مانگا معاوضہ حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

شیئر: