Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانا کی فلم ’کاک ٹیل 2‘ کا ٹریلر جاری، ’کاک ٹیل‘ سے کتنی مختلف ہو گی؟

فلم کو سنہ 2012 کی سپر ہٹ رومانوی ڈرامہ فلم ’کاک ٹیل‘ کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے (فوٹو: فلم ٹریلر)
بالی وڈ کی آنے والی فلم ’کاک ٹیل 2‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق فلم کو 2012 کی سپرہٹ رومانوی ڈرامہ فلم ’کاک ٹیل‘ کا سیکوئل قرار دیا جا رہا ہے، جس میں سیف علی خان، دیپیکا پاڈوکون اور ڈیانا پینٹی نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
تین منٹ سے زائد دورانیے پر مشتمل ٹریلر کا آغاز شاہد کپور کے کردار کی آواز سے ہوتا ہے، جو اس بات پر غور کرتا ہے کہ جب محبت اور دوستی آپس میں الجھ جائیں تو رشتے پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔
اسی دوران کریتی سینن کا کردار مزاحیہ انداز میں حل پیش کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ’لاؤ ٹرائینگل۔‘ یہ مکالمہ فلم کے جذباتی اور ہلکے پھلکے انداز کی جھلک پیش کرتا ہے۔
ٹریلر میں ابتدا میں شاہد کپور اور کریتی سینن کے کرداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار وقت گزارتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ شاہد کپور واضح کرتا ہے کہ وہ کریتی سینن کا بوائے فرینڈ نہیں ہے۔ کہانی میں نیا موڑ اس وقت آتا ہے جب رشمیکا مندانا کا کردار سامنے آتا ہے، جو شاہد کپور کے ساتھ رومانوی تعلق میں دکھائی دیتی ہیں۔
جوں جوں تینوں کردار ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں، ٹریلر میں ان کے درمیان خوشگوار لمحات بھی دکھائے جاتے ہیں۔ ایک موقع پر رشمیکا مندانا کا کردار شاہد کپور کو شادی کی پیشکش بھی کرتا ہے، جس سے لگتا ہے کہ سب کچھ درست سمت میں جا رہا ہے۔
تاہم کہانی اس وقت ڈرامائی رخ اختیار کر لیتی ہے جب کریتی سینن کا کردار کہتا ہے کہ ’سب اپنی اپنی ایکسپائری ڈیٹ کے ساتھ آتے ہیں، اور ایکسپائری ڈیٹ کے بعد تو دوا بھی زہر بن جاتی ہے۔‘ اس مکالمے کے بعد محبت، دوستی اور جذبات کا الجھا ہوا مثلث تنازعات کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
رشمیکا مندانا کا کردار کریتی سینن سے شکوہ کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ’دوستی کی کوئی ویلیو نہیں ہے نا تجھے؟‘ جس پر کریتی جواب دیتی ہیں کہ ’اتنے اچھے دوست بھی نہیں ہیں۔‘ دونوں کے درمیان کشیدگی بڑھتی جاتی ہے اور ٹریلر اشارہ دیتا ہے کہ شاہد کپور کے کردار کی وجہ سے ان کی دوستی شدید آزمائش کا شکار ہو جاتی ہے۔
ٹریلر اپنے عروج پر اس وقت پہنچتا ہے جب کریتی اور رشمیکا کو ایک دوسرے سے لڑتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔ آخر میں شاہد کپور کا ڈائیلاگ ’میں ہیرا نہیں، کوہِ نور ہوں، اتنا آسان نہیں مجھے خریدنا‘، ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لیتا ہے۔
فلم کے پہلے جاری کیے گئے گانے ’مشوقہ‘ میں شاہد کپور اور کریتی سینن کے کرداروں کے درمیان بڑھتی قربت کو دکھایا گیا تھا۔ خوبصورت ساحلوں اور دلکش تفریحی مقامات پر فلمائے گئے اس گانے میں دونوں کے تعلق کو دوستی اور محبت کے درمیان معلق ایک رشتے کے طور پر پیش کیا گیا، جس نے فلم کے حوالے سے مداحوں کے تجسس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

شیئر: