تین ڈیم لائنرز کی آمد، ریاض ایئر نے پانچ نئی بین الاقوامی منزلوں کا اعلان کر دیا
سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ایئر نے اپنے جدید فضائی بیڑے میں شامل پہلی تین بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیاروں کی آمد کے ساتھ پانچ نئی منزلوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ نئی منزلوں میں قاہرہ، دبئی، جدہ، میڈرڈ اور مانچسٹر شامل ہیں۔
ایئرلائن کے مطابق یہ نئی پروازیں اس کی توسیعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد دارالحکومت ریاض کو دنیا کے اہم اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز سے مزید مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کمپنی نے بتایا کہ آنے والے ہفتوں میں مزید بین الاقوامی منزلوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔
ریاض ایئر نے کہا کہ اس کا تیسرا نیا طیارہ مملکت پہنچ گیا ہے، جس سے ایئرلائن کی آپریشنل تیاریوں میں مزید بہتری آئے گی۔ کمپنی کا ہدف 2030 تک ریاض کو دنیا بھر کی 100 سے زائد منزلوں سے جوڑنا ہے۔
جدہ کے لیے پروازیں 14 جون سے، دبئی کے لیے 18 جون سے اور قاہرہ کے لیے 25 جون سے شروع ہوں گی۔ جبکہ میڈرڈ کے لیے 17 جولائی اور مانچسٹر کے لیے 23 جولائی سے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
ریاض ایئر نے اپنی افتتاحی لندن کی پرواز کی تاریخ بھی تبدیل کر دی ہے۔ پہلے یہ پرواز یکم جولائی 2026 کو روانہ ہونا تھی تاہم نئے طیاروں کی قبل از وقت فراہمی کے باعث اب یہ 10 جون 2026 کو روانہ ہوگی۔
کمپنی کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت آج شام سے اس کے سرکاری چینلز کے ذریعے شروع کر دی جائے گی۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس کے جدید بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیبن، بہتر سفری سہولیات اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی خدمات شامل ہیں جن کا مقصد مسافروں کو ایک منفرد اور مکمل سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔