Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی زیر قیادت جی 20 واٹر پلیٹ فارم کا آغاز

اٹلی کے زیراہتمام  دوسرے آن لائن آبی اجلاس کے دوران یہ اعلان کیا گیا۔ (فوٹو عرب نیوز)
بیس رکنی گروپ نے سعودی عرب کی نگرانی میں جی20 واٹر پلیٹ فارم کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ شفاف پانی کے انتظام سے متعلق ممالک کے بہترین طریقوں اور تجربات کو اکٹھا کیا جا سکے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اعلان گزشتہ ہفتے اٹلی کے زیراہتمام  دوسرے آن لائن آبی اجلاس کے دوران کیا گیا۔

جی20 میں شامل ممالک پانی پر سالانہ مذاکرات کرنے پر رضامند ہوئے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

سعودی وزیر ماحولیات ، پانی و زراعت عبدالرحمان الفضلی نے اجلاس میں کہا ہے کہ میں جی 20 واٹر پلیٹ فارم کو دنیا کے باقی ممالک کے ساتھ موثر طورپر شیئر کرنے پر بہت خوش ہوں۔
سعودی عرب کی جانب سے جی20 ممالک کی صدارت کے دوران واٹر ٹیم کی طرف سے واٹر میٹنگ پر پہلا جی 20 اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں ایک آبی پالیسی پیپر تیار کیا گیا جس کا عنوان عالمی سطح پر قابل استعمال اور شفاف پانی کے انتظام کو فروغ دینا تھا۔
یہ پلیٹ فارم گزشتہ سال مملکت کی جانب سے جی 20 کی صدارت کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔
جی20 میں شامل ممالک پانی پر سالانہ مذاکرات کرنے پر رضامند ہوئے اور ابتدائی پانچ سال سعودی عرب کی میزبانی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر نتائج شیئر کریں گے۔
یہ پلیٹ فارم جی20 ممالک اور دنیا کے مابین پانی کے مذاکرات کا بنیادی ذریعہ ہے۔

سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پانی کو انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

واضح رہےکہ 2020 میں جی 20 رہنماؤں کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ انسانی زندگی کے لیے سستا، قابل استعمال اور شفاف پانی، صفائی اور حفظان صحت  کے لیے بہت ضروری ہیں جس کے لیے صاف پانی تک رسائی نہایت اہم ہے۔
اس موقع پر وزیرماحولیات  نے اپنے اعلامیےمیں پانی پر جی 20 مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے بہترین طریقوں اور تحقیق کا اشتراک کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ جدت اور نئی ٹیکنالوجیز کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وبا نے بہت سے عالمی چیلنجز سامنے آئے ہیں جن میں صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانا بھی شامل ہے۔
الفضلی  نے مزید کہا کہ سعودی عرب سماجی و اقتصادی ترقی ، غربت کے خاتمے، انسانی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے پانی کی دستیابی کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔

عالمی سطح پر قابل استعمال اور شفاف پانی کے انتظام کو فروغ دیا جائے گا۔ (فوٹو ٹوئٹر)

وزارت ماحولیات ، پانی و زراعت میں پانی کے امور کے نائب وزیر عبدالعزیز الشیبانی کے مطابق یہ ا قدام پانی کے انتظام کے متعلق معلومات اور دنیا میں اس کی شراکت کو فروغ دینے میں اہم کردار کو ظاہر کرتا ہے۔
اس کےعلاوہ عالمی سطح پر پانی کے چیلنجوں سے نمٹنے اور اس کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
نائب وزیرالشیبانی نے الخباریہ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پانی سے متعلق مختلف مسائل اور بہت سے دوسرے ممالک میں درپیش مشکلات جیسے کہ وسائل کی قلت، آلودگی اور سیلاب کا مستقل حل ضروری ہے۔
الشیبانی نے مزید کہا کہ ہم  آئندہ جی 20 ممالک کے ساتھ سالانہ آبی مذاکرات کو برقرار رکھنے اور پانی کے دیگر معاملات کے لیے ورکنگ گروپ بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ  پانی سے متعلق مختلف چیلنجز میں بہت سے ممالک ایک پلیٹ فارم پر ہیں جس کے لیے مشترکہ بین الاقوامی کوشش، تجربات کا تبادلہ اور سب کی  بھرپور شرکت درکار ہے تا کہ اس کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔
 

شیئر: