Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دس اکتوبر کے بعد کن افراد کو عمرہ اجازت نامے جاری نہیں ہوں گے؟

توکلنا ایپ میں ہیلتھ ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا(فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں 10 اکتوبر 2021 سے توکلنا ایپ میں ہیلتھ ڈیٹا اپ ڈیٹ کیے جانے کے بعد ویکسین کی ایک خوراک لینے والوں اور وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو عمرہ اجازت نامے جاری نہیں ہوں گے۔
عکاظ اخبار کے مطابق ہیلتھ ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے پر توکلنا میں ہر وہ شخص جس نے ویکسین کی صرف ایک خوراک لی ہوگی یا وائرس سے صحت یاب ہوکر ویکسین نہیں لگوائی ہوگی اس کا ڈیٹا ’محصن‘ (محفوظ) نہیں آئے گا جبکہ عمرہ اجازت نامے کی پہلی شرط توکلنا پر امیدوار کا سٹیٹس (محصن) ہونا ہے۔ 
 وزارت صحت نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ توکلنا ایپ میں ہیلتھ ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا اور عمل درآمد 10 اکتوبر سے ہوگا۔ 
اس حوالے سے وزارت صحت نے بتایا تھا کہ توکلنا ایپ میں محصن صرف ان لوگوں کے لیے تحریر کیا جائے گا جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں گی۔ صرف ایک خوراک لینے یا وائرس سے صحت یافتگان کے لیے توکلنا ایپ پر آئندہ محصن سٹیٹس نہیں دکھایا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ  اپنے موقف واضح کیے ہوئے ہے کہ عمرہ اور نماز کا اجازت نامہ صرف ان لوگوں کو دیا جائے گا جن کے ہیلتھ ڈیٹا کا سٹیٹس توکلنا میں محصن تحریر ہوگا- اب تک وائرس سے صحت یاب یا ایک خوراک لینے والے کو بھی محصن لکھا جارہا تھا- 

شیئر: