Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نئے پاکستان‘ کے حکام میرا کی مدد کریں: شمعون عباسی

میرا کی مدد کے لیے توجہ کی ضرورت ہے (فوٹو: انسٹاگرام شمعون عباسی)
پاکستانی ہدایتکار اور اداکار شمعون عباسی نے حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ معروف پاکستانی اداکارہ میرا کے ساتھ بیٹھیں اور ان سے پوچھیں کہ انہیں کیا مدد درکار ہے۔
شمعون عباسی کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مقامی میڈیا میں میرا سے منسوب کرکے یہ کہا جارہا ہے کہ اگر انہیں فلم بنانے کے لیے پیسے نہ ملے تو وہ خودکشی کر لیں گی۔
شمعون عباسی نے میرا کے اس بیان پر اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’میں آپ سے کے نوٹس میں لانا چاہتا ہوں کہ ہماری سپر سٹار میرا جی کو ہماری توجہ کی اشد ضرورت ہے۔‘
’وہ اس وقت ذہنی یا مالی اعتبار سے مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔‘
انہوں نے ’نئے پاکستان‘ کے حکام سے گزارش کی کہ وہ میرا کے ساتھ بات چیت کریں اور پتہ کریں کہ انہیں آگے بڑھنے کے لیے کن چیزوں کی ضرورت ہے۔

میرا 90 کی دہائی سے پاکستانی اردو اور پنجابی فلموں اور ڈراموں میں کام کر رہی ہیں، جبکہ 2005 میں انہوں نے انڈین فلم ’نظر‘ میں بھی کام کیا تھا۔
گزشتہ تقریباً دو سالوں میں میرا کی کوئی فلم یا ڈرامہ ریلیز نہیں ہوا۔ ان کا آخری ڈرامہ 2019 میں پاکستانی ٹی وی چینل اے آر وائے پر نشر کیا گیا تھا۔ اس ڈرامے کا نام ’باجی‘ تھا۔
شمعون عباسی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں لاکھوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ایک فلم سپانسر کرنے میں زیادہ دقت نہیں ہو گی۔‘
’وہ دہائیوں سے ہمیں انٹرٹین کر رہی ہیں اور ان کی ذاتی زندگی کیسی ہے اور ان کے مسائل کیا ہیں اس سے فرق نہیں پڑتا، ہمیں ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔‘
میرا کے بیان پر شمعون عباسی نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ سب کو ایک دن پچھتانا پڑے یہ سوچ کر کہ ہم نے اس سب کو مذاق میں اڑا دیا تھا۔

شیئر: