Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پہلے زمین ٹھیک کریں‘، برطانوی شہزادہ ولیم کی خلائی سیاحت پر تنقید

شہزادہ ولیم نے کہا کہ ’ہم اپنے بچوں کا مستقبل لُوٹ رہے ہیں اور یہ مناسب نہیں ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کے شہزادے ولیم انڈسنے نے خلائی سیاحت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھر(زمین) کے قریب کے مسائل پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شہزادہ ولیم نے یہ تبصرہ جمعرات کو ارتھ شاٹ پرائز ایوارڈز کی افتتاحی تقریب سے قبل کیا۔
شہزادہ ولیم کے یہ تبصرے جمعرات کو بی بی سی کے ایک انٹرویو میں نشر ہونے والے تھے۔
شہزادے کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ ایک دن قبل ہی 90 سالہ ’سٹار ٹریک‘ سٹار ولیم شٹنر خلائی سیاحت کروانے والی کمپنی بلیو اوریجن کے دوسرے عملے کے مشن پر خلائی مسافر بنے ہیں۔
جولائی میں بلیو اوریجن کمپنی کی پہلی انسانی پرواز میں ایمیزون کے بانی جیف بیزوس شامل تھے اور اسے خلائی سیاحت کے ابھرتے ہوئے شعبے کے لیے ایک پیش رفت کے طور پر دیکھا گیا تھا۔
لیکن پرنس ولیم نے کہا کہ ’ہمیں دنیا کے کچھ عظیم دماغوں کی ضرورت ہے جو اس سیارے(زمین) کی مرمت کرنے کی کوشش کریں نہ کہ رہنے کے لیے اگلی جگہ تلاش کریں۔‘
برطانیہ کے تخت کے دوسرے نمبر پر آنے والے ولیم کے تبصرے کو ناقدین نے انسانوں کی ان کاوشوں کی نشاندھی کرتے ہوئے رد کر دیا جن کے ذریعے سائنسی تحقیقات آگے بڑھی ہیں۔
برطانوی خلائی سائنس دان اور براڈ کاسٹر میگی ایڈرین پوک نے کہا کہ وہ ولیم سے متفق ہیں کہ انسانیت نے زمین کو ’خراب حال‘ بنا دیا ہے اور انہیں سبق سیکھنا چاہیے۔

ایک دن قبل بدھ کو 90 سالہ ’سٹار ٹریک‘ سٹار ولیم شٹنر خلائی سیاحت کروانے والی کمپنی بلیو اوریجن کے دوسرے عملے کے مشن پر خلائی مسافر بنے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے آئی ٹی وی پر کہا ’لیکن یہ ہماری توجہ کا واحد مرکز نہیں ہو سکتا۔ خلا متاثر کن ہے۔ 'سٹار ٹریک' کی وجہ سے میں ایک خلائی سائنس دان بنا اور اب میں موسمیاتی تبدیلی پر کام کرتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں اگلے مہینے اس بارے میں بات کرنے کے لیے کوپ26 پر جا رہا ہوں کہ خلا ماحولیاتی تبدیلی میں ہماری کس طرح مدد کر رہا ہے۔ ہمیں ماحولیاتی تبدیلی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن یہی واحد چیز نہیں ہو سکتی۔‘
گروپ ریپبلک جو برطانیہ کی بادشاہت کے خاتمے کے لیے مہم چلاتا ہے، نے کہا کہ ولیم کو ’اپنی غلط معلومات اپنے پاس رکھنی چاہئیں۔‘
گروپ ریپبلک نے ٹویٹ کیا کہ ’یہ سیاست ہے اور جہاں خلائی سیاحت پر سوال اٹھتے ہیں وہیں سائنس خلائی تحقیق سے فائدہ بھی اٹھاتی ہے۔‘
’ہم اس سے اتفاق یا اختلاف کر سکتے ہیں لیکن ایک منافق کے لیکچرز جنہیں مناسب طریقے سے چیلنج نہیں کیا جا سکتا، ایک حقیقی مسئلہ ہے۔‘
ولیم اتوار کو ارتھ شاٹ پرائز ایوارڈز کی افتتاحی تقریب سے پہلے گفتگو کر رہے تھے۔ یہ ان کا ماحولیاتی مسائل کے حل پر کام کرنے والوں کو اعزاز دینے کے لیے اٹھایا گیا اقدام ہے۔
31 اکتوبر کو گلاسگو میں شروع ہونے والے کوپ26 سربراہی اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے عالمی رہنماؤں کو ’چرب زبانی، چالاکی پر مبنی الفاظ لیکن عمل سے عاری‘ سرگرمیوں خبردار کیا۔

جولائی میں بلیو اوریجن کمپنی کی پہلی انسانی پرواز میں ایمیزون کے بانی جیف بیزوس شامل تھے۔(فوٹو: اے ایف پی)

زندگی بھر ماحول دوست اقدامات کی وکالت کرنے والے ولیم کے والد شہزادہ چارلس نے اقوام متحدہ کے کلائمیٹ چینج کے سربراہی اجلاس میں الفاظ کے بجائے رہنماؤں سے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی بات کی ہے۔‘
ملکہ الزبتھ چارلس اور ولیم سبھی دو ہفتے کے اس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اے ایف پی کے مطابق یہ اجتماع بڑی ترقی پذیر معیشتوں کو قائل کرنے کی کوشش کرے گا کہ وہ اپنے کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے مزید کام کریں اور امیر دنیا آب و ہوا کی تبدیلی کے معاملے میں غریب ممالک کی مدد کرے۔
ولیم نے کہا کہ ’میں وہ چیزیں چاہتا ہوں جن سے میں لطف اندوز ہوا ہوں ، بیرونی زندگی، فطرت اور ماحول ، میں چاہتا ہوں کہ وہ میرے بچوں کے لیے ہو اور نہ صرف میرے بچوں کے لیے بلکہ باقی سب کے بچوں کے لیے بھی۔‘
اگر ہم احتیاط نہیں کریں گے تو ہم جو کچھ کر رہے ہیں اس سے ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو لُوٹ رہے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ یہ مناسب نہیں ہے۔‘

شیئر: