Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیف بیزوس کا ایئر اینڈ سپیس میوزیم کے لیے ’سب سے بڑا تحفہ‘

بیزوس کے بیان کے مطابق ’ہر بچہ عظیم صلاحیت لے کر پیدا ہوتا ہے اور یہ انسپائریشن ہی ہے جو اس عظیم جوہر یا صلاحیت کو تحرک دیتی ہے۔‘(فوٹو: اے ایف پی)
ایمیزون کے بانی اور سابق سی ای او جیف بیزوس نے سمتھ سونین انسٹی ٹیوشن کو23  کروڑ ڈالرز عطیہ کیے ہیں جس سے ایئر اینڈ سپیس میوزیم کی تزئین اور ایک نئے لرننگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ سمتھ سونین انسٹی ٹیوشن کے لیے اس کے قیام (1846 ) کے بعد سے اب تک کا سب سے بیش قیمت تحفہ ہے۔
سمتھ سونین انسٹی ٹیوشن  نے کہا ہے کہ اس رقم میں سے 9کروڑ 90 لاکھ   ڈالرز ایئر اینڈ سپیس میوزیم  کی تزئین و آرائش پر  جبکہ باقی 18  کروڑ 40 لاکھ  ڈالرزمیوزیم میں ’بیزوس لرننگ سنٹر‘ کے نام سے ایک تعلیمی مرکز کی تعمیر پر خرچ ہوں گے۔بیزوس لرننگ سنٹر  کے تحت سائنس، ریاضی اور انجینیئرنگ کے  میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ 57سالہ دنیا کے امیر ترین آدمی جیف بیزوس اگلے ہفتے خلائی سفر پر روانہ ہو رہے ہیں۔ یہ مہم ان کی اپنی کمپنی ’بلیو اوریجن‘ کے زیر اہتمام سَر کی جا ئے گی جس میں بیزوس کے ساتھ ان کے عملے کے ارکان بھی ہوں گے۔
جیف بیزوس اس سے قبل بھی سمتھ سونین انسٹی ٹیوشن  کو عطیات دیتے رہے ہیں ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  ’وہ مستقبل کے معماروں اور بڑے خواب دیکھنے والوں کے تخیل کو جلِا بخشنے میں سمتھ سونین انسٹی ٹیوشن کے اہم کردار کی وجہ سے اس کی مدد کرنا چاہتے تھے۔‘
بیزوس کے بیان کے مطابق ’ہر بچہ عظیم صلاحیت لے کر پیدا ہوتا ہے اور یہ انسپائریشن ہی ہے جو اس عظیم جوہر یا صلاحیت کو تحرک دیتی ہے۔‘
’سائنس،ایجادات اور خلا کے ساتھ میرے ’لو افیئر‘ نے مجھے اس قابل بنایا اور امید ہے کہ یہ تحفہ کئی دوسروں کے معاملے میں ایسا ہی وسیلہ بنے گا۔‘
خیال رہے کہ جیف بیزوس نے رواں ماہ کے شروع میں ایمیزون کے سی ای او کا عہدہ چھوڑ دیا تھا تاکہ وہ اپنی خلائی مہمات اور خیراتی منصوبوں پر پوری توجہ دے سکیں۔

شیئر: